بنوں: پولیس چوکی پر فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام،دہشت گرد زخمی حالت میں فرار

راولپنڈی، پشاور (بیورو رپورٹ) پولیس چوکی مزنگہ پر فتنہ الخوارج کا حملہ پولیس، سکیورٹی فورسز اور مقامی عوام کی بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا،شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد اپنے زخمی ساتھیوں کو لےکر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے، پولیس کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا،دہشت گر درات تقریباً ساڑھے 12 بجے حملہ آور ہوئے، چوکی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے فوری اورموثر جوابی کارروائی کی، چوکی فاتح خیل، سردی خیل اور جانی خیل سے بھی سکیورٹی فورسز کے اہلکار فوری پہنچ گئے، تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے شدید مقابلے میں دہشت گردوں کے قدم اکھڑ گئے ، زخمی ساتھیوں کو موٹر سائیکلوں پر لاد کر فرار ہوگئے،دوسری جانب افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کےخلاف پاک فوج کی زمینی اور فضائی موثر جوابی کارروائیاں جاری ہیں،سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شوال، جنوبی وزیرستان سے ملحقہ افغان طالبان کی پوسٹ کو نشانہ بنایا،پاک فوج کی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج بھاگنے پر مجبور ہوگئے، افغان طالبان کی پوسٹ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا،دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق افواج پاکستان نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پکتیکا میں شاہین بیس کے اسلحہ ڈپوز کو مکمل تباہ کر دیا، پاک افغان بارڈر پر افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، آپریشن غضب للحق اہداف حاصل ہونے تک جاری رہے گا۔