دراندازی ناکام،خوارج جہنم واصل،کے پی میں آپریشنز،13دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاک افغان سرحد چمن سیکٹر پر دراندازی ناکام،سکیورٹی فورسز نے خوارج کو جہنم واصل کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق چمن سیکٹر سے ملحقہ سرحدی علاقے میں پاک فوج نے باڑ کاٹنے والے خوارج کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا،بروقت کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں خارجی دہشتگرد ہلاک دیگر زخمی حالت میں فرار ہوگئے،خارجی دہشتگردوں سے تیار شدہ 4 سے 5 آئی ای ڈیز اور باڑ کاٹنے کا سامان بھی برآمد ہوا۔

ادھر وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا آپریشن غضب للحق کے دوران افغان طالبان رجیم کے 583 کارندے ہلاک ،795 سے زائد زخمی ہوگئے،242 چیک پوسٹیں ،213 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور آرٹلری گنز (توپیں) تباہ 38 چوکیوں پر قبضہ کرلیا،افغانستان بھر میں 64 مقامات کو فضائی کارروائی میں موثر طور پر نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 13دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج مارے گئے،بنوں ،ڈیرہ اسماعیل خان میں 2مختلف جھڑپوں کے دوران3دہشتگرد انجام کو پہنچے،خیبر ،جنوبی وزیرستان میں 2علیحدہ کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے مزید 5 خوارج کو جہنم واصل کیا،قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔

صدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ نے کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں ملک کے امن کےلئے نہایت اہم ہیں،جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کےساتھ کھڑی ہے ، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو کہیں چھپنے نہیں دیا جائے گا۔