ہرجانہ کیس، کئی مرتبہ بانی کو جواب کیلئے وقت دیا ، جسٹس ہاشم کاکڑ
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ہرجانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کا حق دفاع ختم کرنے کے معاملے پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دئیے عدالت نے کئی مرتبہ عمران خان کو جواب کیلئے وقت دیا ، 4سال بعد تو دعوے کا جواب جمع کرایا گیا۔
سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے بانی پی ٹی آئی کی نظرثانی درخواستوں پر سماعت کی، وزیراعظم شہباز شریف کے وکیل راشد حفیظ کے معاون عدالت نے عدالت کو بتایا راشد حفیظ لندن میں ہیں، استدعا ہے کیس آئندہ ہفتے تک ملتوی کیا جائے،جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دئیے درخواست گزار کو سن لیتے ہیں، آئندہ سماعت پر دوسرے فریق کو سن لیں گے، جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا عدالت نے کئی مرتبہ بانی پی ٹی آئی کو جواب کیلئے وقت دیا تھا، 4 سال بعد تو دعوے کا جواب جمع کرایا گیا تھا، کیا اتنی تاخیر کے بعد بھی عدالت سخت حکم جاری نہ کرتی؟ ۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا نظر ثانی کے دائرہ اختیار کو بھی ذہن میں رکھ کر دلائل دیں،بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دئیے اصل مسئلہ بانی پی ٹی آئی کا زخمی اور ہسپتال میں ہونا تھا، سپریم کورٹ کے فیصلے میں زخمی ہونے کے نقطے پر کوئی رائے نہیں دی گئی، ماضی میں کیا ہوا وہ معنی نہیں رکھتا، اصل بات یہ تھی بیان حلفی جمع نہ کرانے کی وجہ کیا ہے، سول کورٹ نے8 نومبر تک بانی پی ٹی آئی کو بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا،3 نومبر 2022 کو بانی پی ٹی آئی پر قاتلانہ حملہ ہوا، عدالت نے 8 اور 17 نومبر کی سماعتوں میں بانی پی ٹی آئی کا زخمی ہونا تسلیم کیا،22نومبر 2022 کو عدالت نے حق دفاع ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
علی ظفر نے دلائل میں کہا کوئی سزائے موت کا مقدمہ نہیں جو حق دفاع بحال ہونے سے مسئلہ ہوگا، سکیورٹی خدشات پر وکلاءکی بانی پی ٹی آئی سے ہسپتال میں ملاقاتیں روکی گئیں، ممکن نہیں تھا بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال سے بیان حلفی کیلئے باہر لایا جاتا، حق دفاع کی بحالی شفاف ٹرائل کا بنیادی تقاضا ہے،عدالت نے مزید سماعت 12مارچ تک ملتوی کر دی۔


















