لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس کی جانب سے 2017ءسے قبل شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کیلئے گھروں کی تعمیر کے سلسلے میں مالی امداد کا عمل جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اب تک 56 شہداءکی فیملیز کو گھروں کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کئے جا چکے ہیں۔سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب کے دوران آئی جی پنجاب عبدالکریم نے لاہور اور شیخوپورہ کے 10 شہداءکی فیملیز میں 5 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے مجموعی طور پر مزید 50 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے جبکہ باقی 46 شہداءکی فیملیز کو متعلقہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اپنے اضلاع میں چیک تقسیم کریں گے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اس موقع پر کہا کہ رواں سال 2017ءسے قبل کے شہداءکی فیملیز کیلئے 200 نئے گھروں کی تعمیر کیلئے رقوم تقسیم کی جائیں گی اور ہر فیملی کو پنجاب پولیس کی جانب سے 25 لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 2017ءسے قبل کے 737 پولیس شہداءکے اہل خانہ کو پلاٹس بھی فراہم کئے جا چکے ہیں۔آئی جی پنجاب کے مطابق پنجاب پولیس اپنے وسائل سے شہداءکے اہل خانہ کو گھروں کی تعمیر کیلئے اب تک 12 کروڑ روپے فراہم کر چکی ہے جبکہ 29 شہداءکی فیملیز پنجاب پولیس کے انڈومنٹ فنڈ سے گھروں کی تعمیر مکمل بھی کر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہداءہمارا فخر ہیں اور ان کی فیملیز کی مشکلات کا ازالہ اولین ترجیح ہے۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب عمران ارشد، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ذیشان اصغر، ڈی آئی جی آئی ٹی منصورالحق رانا، اے آئی جی ویلفیئر ناصر علی باجوہ سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب عبدالکریم نے وسیم احمد سیال، ڈی پی او بھکر اور دیگر اعلیٰ افسران کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال بھکر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے داجل بین الصوبائی چیک پوسٹ حملے میں زخمی ہونے والے پولیو ورکر محمد زبیر کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر انہوں نے زخمی پولیو ورکر کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔آئی جی پنجاب نے داجل چیک پوسٹ حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے خودکش بمبار کو پولیس چیک پوسٹ میں داخل ہونے سے روکا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کی تاریخ نڈر جوانوں کی لازوال قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب پولیس دہشت گردوں کو اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف پولیس آپریشن بھرپور طاقت سے جاری رہیگا اور جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ رات داجل بین الصوبائی چیک پوسٹ پر ہونے والے خودکش حملے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔ زخمی پولیس اہلکار کو مزید علاج معالجے کیلئے ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس شہداء فخر، اہل خانہ کی مشکلات کا ازالہ ترجیح ہے: آئی جی پنجاب
















