اسلام آباد ہائیکورٹ میں سنوائی نہیں ہوتی: سلمان اکرم راجہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ ہمارے لئے ایک بند دروازہ ہے، یہاں ہم درخواستیں دائر کرسکتے ہیں لیکن سنوائی نہیں ہوتی۔ عدالت میں میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی تک معالجین اور فیملی کی رسائی کی کوششیں کر رہے ہیں، عدالت نے ہفتہ وار ایک وکلا اور دوسری فیملی سے ملاقات کرانے کا حکم دیا، وزیراعلیٰ کے ہمراہ پیش ہوئے تو جیل سپرنٹنڈنٹ کو ملاقات کرانے کا کہا گیا، ہم اسی روز اڈیالہ جیل گئے مگر ہماری ملاقات نہیں کرائی گئی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی لیکن وہ آج تک نہیں لگی، توہین عدالت کی پرانی درخواستیں لگائی گئیں اور انہیں بیک جنبش قلم نمٹا دیا گیا، ہائیکورٹ نے اپنے ہی آرڈر کی حکم عدولی پر کوئی ایکشن نہیں لیا، ہائیکورٹ کی جانب سے ایکشن نہ لئے جانے پر ہم سپریم کورٹ چلے گئے، طبی معائنے کیلئے بھی درخواستیں دائر کیں لیکن سماعت نہیں ہوسکی۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ٹوئٹر کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف ایک کیس مقرر ہے، میں نے کہا کہ ملاقات کے بغیر بانی کا جواب کیسے داخل کرایا جاسکتا ہے؟ اس مقدمے میں بھی عدالت نے بانی سے ملاقات کرنے کی ہدایات جاری کیں، میری ملاقات نہیں ہوئی مگر عدالت نے کیس میں بھی کارروائی آگے بڑھادی، عدالت کہہ رہی ہے ملاقات کے بغیر ہی جواب داخل کرائیں اور بحث بھی کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے فیصلہ کیا کہ عوام کے نمائندے کی حیثیت سے عدالت میں کھڑے ہو کر پوچھیں گے، کیس ختم ہونے پر وزیراعلیٰ نے بات کرنے کی کوشش کی لیکن چیف جسٹس اٹھ کر چلے گئے، یہاں سے سپریم کورٹ بھی جائیں گے،بانی کا مقدمہ قوم اور عوام کو لڑنا پڑے گا۔