عمران رہائی فورس میں تمام ونگز شامل ہونگے:وزیر اعلیٰ کے پی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت خیبر پختونخوا ہاوس میں ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرینز کے اہم اجلاس میں آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے سلسلے میں تفصیلی مشاورت کی گئی،اجلاس میں وفاقی حکومت سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر انتظام ہری پور تا مانسہرہ جی ٹی روڈ کو دو رویہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا سڑک کی توسیع کیلئے خیبر پختونخوا حکومت مالی معاونت بھی فراہم کرے گی تاکہ عوام کو سفری سہولیات میسر آ سکیں،سہیل آفریدی نے ہزارہ ڈویژن کیلئے 200 ارب کا خصوصی جامع ترقیاتی پیکیج تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی 50 ارب روپے خصوصی طور پر سیاحت کے منصوبوں کیلئے مختص کیے جائیں، پارلیمنٹیرینز خصوصی ترقیاتی پلان میں شامل سکیموں کی تجاویز کیلئے علیحدہ مشاورتی نشست منعقد کریں،اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے الائی کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اعلان بھی کیا، آئندہ مالی سال کا ترقیاتی پروگرام ماضی سے مختلف اور نمایاں ہوگا جس میں بڑے اور عوامی اہمیت کے حامل منصوبے شامل کیے جائیں گے جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اولین ترجیح دی جائے گی،دریں اثناءصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا عمران خان رہائی امن فورس لاکھوں افراد پر مشتمل ہوگی جس میں تمام ونگز شامل ہونگے،ہم نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے جا رہے ہیں ،چاہتے ہیں جب عمران خان کی کال آئے تو تمام نوجوان تیار ہوں، عمران خان رہائی امن فورس لاکھوں افراد پر مشتمل ہوگی، فورسز مختلف قسم کی ہوتی ہیں، ریلیف فورس، ٹائیگر فورس اورٹاسک فورس بھی ہوتی ہے، فورس تحریک انصاف کے تمام ونگز بشمول وکلا اور انصاف یوتھ پر مشتمل ہوگی۔