وزیراعظم نے آسٹریا کے کاروباری طبقے کو سرمایہ کاری کی دعوت دےدی


ویانا:(مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے آسٹریا کے کاروباری طبقے کو زراعت، آئی ٹی، معدنیات و کان کنی، سیاحت، ٹیکسٹائل و لیدر، قابل تجدید توانائی، انجینئرنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا آسٹریا کے سرمایہ کار پاکستان آئیں، حکومت میزبانی کرے گی، دونوں ممالک میں تعاون و تجارتی حجم بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان آسٹریا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے دونوں ممالک کے مابین مضبوط بنیادوں پر استوار طویل دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا آسٹرین کمپنیاں دہائیوں سے پاکستان میں کام کرتی رہی ہیں لیکن ماضی قریب میں بوجوہ کمی آئی، قابل تجدید توانائی، معدنیات و کان کنی ،سیاحت کے شعبے میں کئی آسٹرین کمپنیاں پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں،چانسلر کرسچئین سٹاکر کےساتھ دوطرفہ و وفود کی سطح پر مذاکرات مثبت ، تعمیری رہے،ملاقاتوں میں طے پانے والے امور کو آگے بڑھایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہاپاکستان ،آسٹریا کے دہائیوں پر محیط دیرینہ ووستانہ تعلقات تاریخی حقائق پر مبنی ، قابل تجدید توانائی و کان کنی کے شعبے میں آسٹریا کا تعاون قابل تعریف ہے،پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ،نوجوان نسل بہت باصلاحیت ہے، حکومت نے آئی ٹی شعبے کی ترقی کےلئے متعدد اقدامات کئے ، صوبائی حکومتوں کےساتھ ملکر آئی ٹی کی تعلیم و تربیت کےلئے کوشاں ہیں، نوجوانوں کی ترقی کےلئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ،غیرقانونی تارکین وطن کے مسئلے پر یورپی پارٹنرز کےساتھ ملکر کام کر رہے ہیں۔

شہبازشریف نے کہاملکی معیشت کا اہم انحصار زراعت پر ، 60 فیصد آبادی دیہی علاقوں میں مقیم ہے، زرعی ٹیکنالوجی کی ترقی ،گندم، مکئی ، گنے سمیت اہم فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کےلئے کاوشیں جاری ہیں، زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن کےلئے آسٹریا کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے کیونکہ شعبے میں آسٹریا کا وسیع تجربہ و مہارت ہے۔

وزیراعظم نے معدنیات و کان کنی کے شعبے میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے،مختلف شعبوں میں آسٹریا کی بزنس کمیونٹی کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں،سیاحت، قابل تجدید توانائی، انجینئرنگ،ٹیکسٹائل، لیدر، ہائیڈرو پاور، سولر، بائیو ماس، سمارٹ سلوشنز، گرڈ ماڈرنائزیشن، انڈسٹریل آٹومیشن، مشینری و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع ، معاشی شعبے میں شراکت داری کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے خواہاں ہیں، اپرل میں پاکستان ای بزنس فورم اسلام آباد میں ہوگا،آسٹرین سرمایہ کارپاکستان آئیں، مہمان بنیں اور مواقع کا جائزہ لیں۔


قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف ، آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن سٹاکر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، صحت و ا نسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی و کاروباری شعبوں کی سطح پر موجودہ پلیٹ فارم کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

وفاقی چانسلری پہنچنے پر وزیراعظم کا چانسلر سٹاکر نے استقبال کیا، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے،بعد ازاں دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات ،وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے،دونوں رہنماوں نے تاریخی و دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کےلئے اقتصادی تعاون، تجارت و سرمایہ کاری، سیاحت، مہمان نوازی، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، انسانی وسائل کی ترقی ،افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دیں گے۔

دونوں فریقین نے زیر غور مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) کو جلد حتمی شکل دینے ، امن و سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے، تنازعات کے پرامن حل، پائیدار ترقی، ماحولیاتی اقدامات ، انسانی حقوق کے تحفظ و فروغ کے ضمن میں اقوامِ متحدہ کے مرکزی کردار ، حکومتی سطح پر (جی ٹو جی)، حکومت و کاروباری شعبے کے درمیان (جی ٹو بی) ،کاروباری شعبوں کے درمیان (بی ٹو بی) روابط کو موجودہ پلیٹ فارمز کے موثر استعمال کے ذریعے مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

شہبازشریف نے وفاقی چانسلر کو دورہ پاکستان،آسٹریا کی کاروباری برادری ، کمپنیوں کو رواں سال اپریل میں اسلام آباد میں منعقد ہونےوالے یورپی یونین،پاکستان بزنس فورم میں شرکت کی دعوت دی اوربامعنی و نتیجہ خیز ملاقاتوں پر وفاقی چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔

دریں اثناچین کے نئے سال پر چینی قیادت ،عوام کیلئے تہنیتی پیغام میں شہباز شریف نے کہا پاکستان ،چین آہنی بھائی،دونوں ممالک کی سٹریٹجک شراکت داری قائم ،قوم چینی بھائیوں کی صحت، کامیابی و مستقل ترقی کیلئے دعاگو ہے،چین کے کیلنڈر میں نئے سال کا علامتی نشان گھوڑا،گھوڑا توانائی،ہمت ،تیز رفتاری کی علامت ، اقدار مشترکہ ترقی کی عکاس ہیں۔

وزیراعظم نے امن، ترقی و علاقائی روابط کے فروغ کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہاامید ہے نیا سال لا زوال دوستی کو مزید بلندیوں تک لےجائے گا۔