لاہور (وقائع نگار) وزیراعلیٰ مریم نواز نے شاندار تقاریب، جشن، اتحاد اور خوشیوں کو دیکھتے ہوئے بسنت کی تقاریب کا وقت پیر کی صبح 5بجے تک بڑھا دیا۔
مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا توسیع لاہور کے عوام کےلئے انعام ہے ،شہریوں نے بسنت کو بھرپور نظم و ضبط کےساتھ منایا اور تمام حفاظتی ایس او پیز کی ذمہ داری سے پابندی نبھائی،براہ کرم جشن محفوظ انداز میں جاری رکھیں، بجلی کے تاروں سے دور رہیں، اپنی چھتوں کو محفوظ بنائیں اور تمام ہدایات پر عمل کریں، تاریخی بسنت کو سب کےلئے خوشگوار، محفوظ اور یادگار بنائیں۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے بسنت پر حفاظتی ایس او پیز پر عمل کرنے پر اہل لاہور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا خوشی ہے لاہور والوں نے اعتماد کی لاج رکھی، شاباش لاہور،بہت خوش ہوں، لاہور والوں نے قواعدو ضوابط پر عمل کر کے محفوظ بسنت منانے میں اہم کردار ادا کیا،خوش و خرم مگر محفوظ بسنت کا تصور پوری طرح اپنایا گیا، مقررہ سائز ،مقررہ پنے کے علاوہ ممنوع ڈور استعمال کرنے کی اطلاعات نہیں ملیں۔
مریم نواز نے کہا چھتوں پر ایس او پیز کے مطابق محفوظ بسنت منائی گئی، دھاتی تار استعمال نہ ہونے کی وجہ سے ٹرانسفارمر بھی محفوظ رہے، سیف بسنت کا تصور لاہور کے بعد دوسرے شہروں میں بھی اپنایا جائے گا،ہر علاقے میں 200 کلینک آن ویل اور 21 فیلڈ ہسپتال بھی متعین تھے، عوام احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں۔
عوامی جوش و خروش ،وزیراعلیٰ مریم نواز نے بسنت کا وقت بڑھا دیا
















