صوبے میں قیام امن کےلئے وزیراعلیٰ کا ساتھ دینگے،باجوڑ جرگہ

پشاور:(بیورورپورٹ)اراکین اسمبلی ،عمائدین پر مشتمل جرگے نے صوبے میں قیام امن کےلئے وزیراعلیٰ کے پی کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا۔

ضلع باجوڑ کے پارلیمنٹیرینز، قومی مشران اور عمائدین پر مشتمل جرگے نے وزیر اعلیٰ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی، جرگے میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال، پاک افغان تعلقات کی بہتری اور ترقیاتی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے باجوڑ میں حالیہ آپریشن میں جزوی متاثرہ گھروں کی تعمیر نو کےلئے رقم ایک لاکھ 60 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا صوبے میں امن کے قیام کےلئے قبائلی مشران، عوام، پولیس اور سکیورٹی فورسز نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، 2018 میں قربانیوں کی بدولت ملک میں مکمل امن قائم ہو چکا تھا اب حالات کو جان بوجھ کر خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا بند کمروں کے فیصلوں سے حالات ہمیشہ بگڑے، امن و امان کے قیام کا موثر طریقہ قبائلی مشران اور صوبائی حکومت کو اعتماد میں لےکر فیصلہ سازی ہے، کسی بھی ناکام پالیسی کا حصہ نہیں بنیں گے، امن و امان کےلئے باجوڑ کے عوام اور قبائلی مشران کا کردار قابل ستائش ہے، فاٹا انضمام کے وقت 100 ارب سالانہ کا وعدہ کیا گیا ،7سال میں صرف 168 ارب روپے دیئے ، 532 ارب روپے وفاق کے ذمے بقایا ہیں، اے آئی پی کی مد میں وفاقی حکومت فنڈز نہیں دے رہی۔

وزیراعلیٰ نے ضم اضلاع کی مد میں پولیس میں بھرتیوں کےلئے عمر کی آخری حد بڑھانے ،باجوڑ کے شہدا پیکیج پر کام تیز ، امن کے قیام اور قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے قبائلی مشران کو سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاضم اضلاع کےلئے روشن قبائل پیکیج میں موجود سکولوں ،ہسپتالوں کو بہتر بنایا جائے گا۔