اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی،صدارتی آرڈیننس جاری کر دیا گیا


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی،مقامی حکومت کے نظام میں بڑی تبدیلیاں،لوکل گورنمنٹ آرڈیننس جاری کر دیا گیا۔

صدارتی آرڈیننس کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشن نظام ختم، ٹاون کارپوریشنز قائم ،اسلام آباد کو قومی اسمبلی کے 3حلقوں کی بنیاد پر 3ٹاون کارپوریشنز میں تقسیم کیا جائے گا،ہر ٹاون کارپوریشن میں اتنی ہی یونین کونسلز ہوں گی جتنی وفاقی حکومت نوٹیفائی کرے گی،حکومت عوامی اعتراضات ،سفارشات سننے کے بعد ٹاون کارپوریشن ،یونین کونسلز کی حدود میں ترمیم کر سکے گی ،الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد کسی قسم کی حدبندی میں تبدیلی نہیں ہوگی۔

آرڈیننس میں واضح کیا گیا مقامی حکومت سے مراد یونین کونسل ،ٹاون کارپوریشن ہو گی جہاں مقامی حکومت فعال نہیں ہو گی وہاں حکومت ایڈمنسٹریٹر تعینات کرے گی، سربراہ سے مراد ٹاون کارپوریشن کا میئر یا یونین کونسل کا چیئرمین ہوگا،انتظامی ڈھانچے کے مطابق ہر ٹاون کارپوریشن میں ایک میئر،2ڈپٹی میئر ہوں گے، یونین کونسل کے چیئرمین بطور جنرل ممبران ٹاون کارپوریشن کا حصہ ہوں گے،ہر ٹاون کارپوریشن میں 4 خواتین، کسان یا ورکر، تاجر یا بزنس مین، نوجوان اور غیر مسلم رکن شامل ہو گا۔

جاری کیے گئے آرڈیننس کے مطابق یونین کونسل کی سطح پر جنرل ممبران کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہو گا،ہر ووٹر صرف ایک جنرل ممبر امیدوار کو ووٹ دے سکے گا ،سب سے زیادہ ووٹ لینے والے 9 امیدوار جنرل ممبران منتخب ہوں گے،کامیاب امیدوار 30 دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کر سکیں گے، جنرل ممبران یونین کونسل کی مخصوص نشستوں پر اراکین کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے کریں گے۔