ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ریجن کی عدم توجہ، کرپٹ افسران و ملازمین کیخلاف شکایات پر انکوائریاں تاخیر کا شکار

لاہور(قمر عباس نقوی )ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ریجن کی سرکاری محکمہ میں کرپٹ افسران و ملازمین کیخلاف شکایات پر عدم توجہ کے باعث انکوائریاں تاخیر کا شکار، عوام کا ڈائریکٹر لاہور ریجن پر عدم اعتماد، شہری کا ایڈیشنل ڈی جی کو لاہور میں مستقل انکوائری آفیسر تعینات کرنے پر تحریری درخواست دائر کر دی۔ ڈی جی اینٹی کرپشن کا شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے ویژن کا منصوبہ لاہور ریجن ڈائریکٹوریٹ میں شہریوں کو انصاف کی عدم فراہمی کی نذر ہو چکا ہے۔ شہریوں کی جانب سے مختلف سرکاری محکمہ جات کے افسران و ملازمین کے خلاف مبینہ کرپشن شکایات کو نمٹانے کی خاطر عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس حوالے سے شہری شہزاد کی جانب سے پی ایچ اے افسران و ملازمین کے خلاف سال 2023میں تحریری درخواست دی جس میں ان سرکاری افراد کی جانب سے ایک کروڑ سے زائد کے بلز کا اندراج اور ادائیگی سمیت سرکاری فائلز کو گم کرنے کی نشاندہی کی جس کو سال 2024میں انکوائری میں تبدیل کیا گیا لیکن ڈائریکٹر لاہور ریجن اے کی جانب سے تاحال اس انکوائری کو مسلسل التوا میں رکھا گیا ہے اس معاملہ پر شہری کی جانب سے ایڈیشنل ڈی جی اینٹی کرپشن کو تحریری درخواست دی گئی جس میں لکھا گیا کہ انکوائری نمبر 308-24-lجو کہ پی ایچ اے لاہور افسران کی کرپشن کی نشاندہی کی گئی جس پرڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ریجن کی طرف سے کسی قسم کا انصاف فراہم نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی وہ دفتر میں مستقل موجود ہیں جس کی وجہ ان کے پاس تین اہم چارج ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو انصاف کی فراہمی التوا کا شکار ہیں اس صورتحال کے باعث لاہور ریجن ڈائریکٹوریٹ میں مستقل افسر تعینات کیا جائے اور میری فائل ہیڈ آفس کسی مستقل اور ایماندار افسر سے کروائی جائے۔ڈائریکٹر لاہور ریجن احسن منیر بھٹی کو موقف لینے کی خاطر رابطہ کیا اور وٹس ایپ میسج کیا جیسے دیکھنے کے بعد بھی موقف نہیں دیا۔ شہری شہزاد کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر لاہور ریجن اینٹی کرپشن اور دیگر ذمہ داران مجھے انصاف نہیں دے رہے۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے پی اے کا کہنا ہے کہ آپکی فائل ڈائریکٹر منگوائیں گئے تو میں پیش کروں گا وہ شام کو تھوڑی دیر کے لئے آتے ہیں ان کے پاس اور بھی چارج ہیں۔ اینٹی کرپشن پنجاب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر لاہور ریجن قابل افسر ہیں لاہور چونکہ اہم ضلع ہے اس میں شکایات بھی دیگر کی نسبت زیادہ آتی ہیں اس کے باوجود ان کی جانب سے سب سے زیادہ انکوائریز کو نمٹا یا گیا ہے پہلے افسر ہیں جو گزشتہ دو سے تین سال سے لاہور ریجن میں تعینات ہیں جو ان کی کارکردگی کی بدولت ہے۔