پاکستان فری لانسنگ کرنےوالا تیسرا بڑا ملک، نوجوان بڑی معاشی قوت بن سکتے: وزیر خزانہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہا پاکستان فری لانسنگ کرنے والا تیسرا بڑا ملک بن گیا، نوجوان ملک کی سب سے بڑی معاشی قوت بن سکتے ہیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا پاکستان کی آبادی کا زیادہ تر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، حکومت کی توجہ نوجوانوں کو ہنرمندی کی تربیت دینے پر مرکوز ہے، ہمارا اصل مسئلہ نتائج کے حوالے سے نظم و ضبط کی کمی ہے، ہم 24 کروڑ آبادی پر مشتمل ایک قوم ہیں، سالانہ شرح نمو 2.5 فیصد ہے، غربت کے خاتمے کیلئے پائیدار معاشی بہتری کی طرف بڑھنا بہت ضروری ہے، پاکستان کا سوشل امپیکٹ فنانسنگ فریم ورک مشترکہ طور پر تشکیل دیا جاسکے، فریم ورک محض ایک پالیسی بیان نہیں بلکہ ایک مالیاتی ڈھانچہ ہے، پی ایس آئی بی میں خاص طور پر نوجوان خواتین پر توجہ دی جا رہی ہے، نیوٹیک اور ابتدائی اسٹیئر کوڈیل ٹیم کو اس تاریخی اجراءپر مبارکباد دیتا ہوں، آئندہ مراحل میں مزید نتائج پر مبنی فنڈنگ کریں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل کی جانب بڑھیں،دریں اثنا چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کو انٹرویو میں وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا زراعت، معدنیات و کان کنی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت وہ شعبے ہیں جن میں چینی سرمایہ کاری مسلسل بڑھ رہی ہے، اس مرحلے میں تعاون صرف سرمایہ کاری تک محدود نہیں بلکہ علم کی منتقلی اور تکنیکی معاونت کو بھی خاص اہمیت دی جا رہی ہے،پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات مسلسل مضبوط، مستحکم اور متنوع ہو رہے ہیں اب تعلقات صرف انفرا سٹرکچر تک محدود نہیں بلکہ ایک وسیع مارکیٹ پر مبنی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں،چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، رواں سال کے پہلے8 ماہ میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم تقریباً 17 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا ، پاک چین تعلقات دہائیوں سے مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں اور چین نے ہر بین الاقوامی فورم پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔