اسلام آباد،راولپنڈی:(بیورورپورٹ) شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ پسپا،4 خوارج جہنم واصل،4جوان وطن پر قربان ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان بویا میں فتنہ الخوارج نے 19دسمبرکو سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ کیا اور حفاظتی حصار توڑنے کی کوشش کی لیکن سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو بروقت ناکام بنادیا،حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی کو بیرونی حفاظتی دیوار سے ٹکرایا، گاڑی ٹکرانے کے نتیجے میں دیوار گرگئی ،قریبی شہری انفراسٹرکچر ،مسجد ،لوگوں کے گھروں کو نقصان پہنچا۔
ترجمان پاک فوج نے کہافورسز نے نہایت بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے تمام 4 خوارج کو ہلاک کردیا ،فائرنگ کے تبادلے میں 4 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ،حوالداروقاص، نائیک خان ویز، سپاہی سفیان حیدر ،رفعت شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد کارروائیاں افغانستان میں موجودخوارج کی منصوبہ بندی کا نتیجہ اورطالبان حکومت کے دعوے کی نفی ہے،پاکستان افغان حکومت سے توقع کرتا ہے وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، عبوری حکومت خوارج کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہ دے، پاکستان کے عوام کی سلامتی و تحفظ سب سے مقدم ہے، ،خوارج ،سہولت کاروں کا تعاقب وخاتمے کا حق رکھتے ہیں۔
دریں اثنا پاکستان نے افغان سرزمین سے ہونےوالی دہشتگردی کےخلاف افغان طالبان مشن کے نائب سربراہ کو وزارت خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا اور ڈی مارش دیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا شمالی وزیرستان میں فوجی کیمپ پر حملہ افغانستان سے کالعدم ٹی ٹی پی کے حافظ گل بہادر گروپ نے کیا، حملے میں 4 جوانوں نے شہادت پائی،فتنہ الخوارج کوطالبان کی معاونت حاصل ، افغانستان میں دہشتگردوں کو حاصل محفوظ پناہ گاہوں پرتشویش ہے،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
دفتر خارجہ نے کہا دہشتگرد حملوں کے سہولت کاروں کےخلاف مکمل تحقیقات کی جائے، طالبان اپنی سرزمین کا دہشتگردی کیلئے استعمال روکیں، کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشتگرد گروہوں کےخلاف ٹھوس و قابل تصدیق اقدامات کیے جائیں،پاکستان اپنی خود مختاری کے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
وزیرستان،حملہ پسپا،4دہشتگرد ہلاک،4جوان شہید، نائب سربراہ طالبان مشن کی طلبی،ڈی مارش
















