اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے سمگلنگ کے انسداد کیلئے ایف بی آر کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ٹیکس چوری کےخلاف اقدامات مزید تیز کرنے ،ٹیکس چوروں ،سمگلرز کےساتھ کسی بھی قسم کی نرمی نہ برتنے کی ہدایت کردی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہر سال قوم کا اربوں روپے کا قیمتی سرمایہ سمگلنگ کی نذر ہوتا ہے، پاکستان کسٹمز کی کامیاب کارروائیوں سے سمگلنگ میں خاطر خواہ کمی آنا قابل ستائش ہے، سمگلنگ کی روک تھام سے متعدد اشیا اب قانونی طور پر درآمد ہو کر معیشت کا باضابطہ حصہ بن رہی ہیں۔
شہبازشریف نے اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ٹیکس چوری ،سمگلنگ کےخلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی،صوبائی حکومتیں غیر قانونی پٹرول پمپس کےخلاف قانونی کارروائیوں میں ایف بی آر کےساتھ مکمل تعاون کریں ۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں خصوصی بچوں کی بحالی کے آٹزم سینٹر آف ایکسیلنس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاخصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت ،ہنر سے آراستہ کر کے معاشرے کا فعال شہری بنانا ضروری ہے،خصوصی بچوں کا ہاتھ تھامنا سب کی اجتماعی ذمہ داری ، حکومت کا فرض ہے خصوصی بچوں کےلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے،خصوصی بچوں کی خدمت کےلئے کئی ادارے دہائیوں سے کام کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے خصوصی بچوں کی آمدورفت کیلئے ادارے کیلئے 15 کوچز کی فراہمی کااعلان کرتے ہوئے کہا15 کوچز گرانٹ کے طور پر دیں تاکہ سرخ فیتے کی رکاوٹ نہ ہو۔
علاوہ ازیں آسٹریلیا کے نئے تعینات ہونےوالے ہائی کمشنر ٹم کین نے وزیراعظم سے ملاقات کی ،دوطرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعظم نے ہائی کمشنر کو تقرری پر مبارکباددیتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا تعیناتی سے پاکستان ، آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ و دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
شہبازشریف نے سڈنی میں دہشتگردوں کی فائرنگ میں معصوم جانوں کے نقصان پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہاپاکستان دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائی کی بلاشبہ مذمت کرتا ہے، دکھ کی گھڑی میں آسٹریلیا کےساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں،دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ،ہر شکل و صورت میں مذمت کی جانی چاہیے ،لعنت کے خاتمے کےلئے اجتماعی کارروائی کی ضرورت ہے۔
ٹم کین نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان ،آسٹریلیا کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے کےلئے کام کرنے کی گہری خواہش کا اظہار کیا۔
مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف سے جمہوریہ تاجکستان کی وزیر ثقافت ستاریون متلوبخون امان زادہ نے ملاقات کی ،ثقافت کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا ،شہبازشریف نے تاجکستان کےساتھ دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار اورتجارت، توانائی و ثقافت سمیت کثیر جہتی تعاون بڑھانے کےلئے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
ٹیکس چوروں ،سمگلرز کےساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے،وزیراعظم
















