اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈگری کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس طارق جہانگیری کی بطور جج تعیناتی کالعدم قرار دے دی اور جج کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے ڈگری کیس سے متعلقہ فیصلہ سنا دیا، عدالت نے وزارت قانون کو طارق محمود جہانگیری کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم دے دیا۔
فیصلہ میں کہا گیا کہ طارق جہانگیری بطور جج تعیناتی کے وقت ایل ایل بی کی درست ڈگری نہیں رکھتے تھے، طارق جہانگیری کی بطور جج تعیناتی غیر قانونی تھی،طارق محمود جہانگیری جج کا عہدہ رکھنے کے اہل نہیں تھے۔
عدالت نے جسٹس طارق جہانگیری کے خلاف دائر میاں داود ایڈووکیٹ کی درخواست منظور کر لی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری کی درخواستیں مسترد کر دیں۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری کی جانب سے فل کورٹ تشکیل دینے سے متعلق درخواست مسترد کی گئی، جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے تک کیس ملتوی کرنے کی درخواست بھی مسترد کی گئی، جسٹس طارق محمود جہانگیری کی بنچ پر اعتراض کی درخواست بھی مسترد کی گئی۔
قبل ازیں جسٹس جہانگیری ڈگری کیس کی سماعت ہوئی، بیرسٹر صلاح الدین، اکرم شیخ ، راجہ علیم عباسی و دیگر نے دلائل دیئے، وکلا کے دلائل سن کر ججز چیمبر میں روانہ ہوگئے تھے۔ دوران سماعت درخواست گزار میاں داود ایڈووکیٹ نے دلائل دیے، بیرسٹر صلاح الدین نے دو درخواستوں پر، اکرم شیخ نے ایک درخواست پر دلائل دئیے۔
ڈگری کیس: جسٹس طارق جہانگیری کی تعیناتی غیرقانونی قرار، عہدے سے ہٹانے کا حکم
















