سازشی عناصر اب بھی عمران خان کو اقتدار میں لانا چاہتے ہیں: خواجہ آصف


سیالکوٹ: (بیورورپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی کے پراجیکٹ انچارج فیض کےخلاف مزید قانونی کارروائی ہوگی،فیض حمید کے بوئے سازشی عناصر اب بھی عمران کو اقتدار میں لانا چاہتے ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا فیض حمید کو15 ماہ کارروائی چلا کر سزا سنائی گئی، مزید قانونی کارروائی کی جائےگی، جنرل فیض اب جنرل نہیں رہے، جنرل کا ٹائٹل بھی چھین لیا گیا ہے، پچھلے چند دنوں میں ہونےوالے واقعات کی مثال نہیں ملتی، فوج کے ادارے نے شفافیت سے سابق آئی ایس آئی کے سربراہ کو سزا سنائی ہے، ابھی اور بھی چارجز ہیں جن پر قانونی کارروائی کی جائےگی، بانی پی ٹی آئی کا پراجیکٹ 10سے12سال پہلے شروع کیاگیا، عمران خان کےلئے 9 مئی برپا کیا گیا، پیچھے سابق آئی ایس آئی سربراہ کا دماغ تھا۔

وزیر دفاع نے کہا بانی کے 4 سالہ دور کو فیض حمید نے ہی تقویت دی، فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی نے مل کر ملک کےساتھ کھلواڑ کیا، لاہور کے پہلے جلسے کی مینجمنٹ نادیدہ ہاتھوں نے کی تھی، نواز شریف کے 4 سالہ دور اقتدار میں ترقی بے مثال رہی لیکن سپریم کورٹ میں کیس چلا کر من گھڑت طریقے سے برطرف کیا گیا، فیض حمید کےخلاف ٹاپ سٹی کیس بھی ہے، بانی کو اقتدار میں لانا، نواز شریف کو قید کرنا، جلاوطن کرنا، سب کے پیچھے فیض حمید تھا، فیض حمید کے تمام کاموں کا بینیفشری وہ خود اور بانی پی ٹی آئی تھا، انہوں نے اپنے دور میں پارلیمنٹ کو آئی ایس آئی کا ذیلی ادارہ بنادیا تھا، بانی کے لان میں بیٹھ کرملک کے مستقبل سےمتعلق فیصلے ہوتے رہے، جن بیساکھیوں پر بانی کھڑا تھا وہ آہستہ آہستہ کھسکنا شروع ہوئیں۔

خواجہ آصف نے کہا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں معرکہ حق میں فتح حاصل ہوئی، فیلڈمارشل کی قیادت میں پاکستان کو جو عزت ملی اس کی مثال نہیں، رواں سال مئی میں پاکستان نے تاریخ رقم کی، امریکہ سمیت دنیا بھر کے ممالک میں پاک فوج کی پذیرائی ہوئی، شہباز شریف ملک کو برے حالات سے نکال کر باہر لائے، فوجی قیادت نے ملک کو برے حالات سے نکالنے کیلئے حکومت کی مدد کی، پی ٹی آئی صوبائی حکومت کہتی کہ طالبان سے مذاکرات کرو، ان دہشتگردوں کے ہاتھوں پر ہمارے جوانوں کا خون ہے، یہ کہتے ہیں مذاکرات کرو، آج ہم دنیا میں سر اٹھا کر چل رہے ہیں، سازشیں کامیاب ہوجاتیں تو پاکستان تباہ ہوجاتا، پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کالعدم ٹی ٹی پی کو بھتہ دیتی ہے، پی ٹی آئی ہی طالبان کو واپس لائی، پاکستان میں بسایا۔