ملک جادو ٹونے نہیں محنت سے ترقی کرےگا،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے جنگ جیتنے پر دشمن حیران ،دوست خوش ،زہر آلود پروپیگنڈا مسترد کرنا سب کی ذمہ داری ،فرقہ پرستی کا خاتمہ وقت کی ضرورت، علما کردار ادا کریں، قوم میں یکجہتی کی فضا قائم ہونے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا، افواج کی قربانیوں کا مذاق اڑائیں گے تو کون پاکستان کی عزت کرے گا؟ملک جادو ٹونے نہیں محنت سے ترقی کرے گا،پاک فوج نے دلیری ، جرات سے جنگ لڑی اوردشمن کو عبرتناک شکست دی،فوج کےخلاف پروپیگنڈا ناقابل برداشت ہے۔

قومی علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے جرات و بہادری سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، کامیابی میں بری، بحری و فضائیہ سمیت تمام افواج کا کردار قابل ستائش ہے،علما کرام کو تفرقہ بازی کا خاتمہ کرنا ہو گا،ملکی ترقی و استحکام کیلئے اتحاد و یکجہتی ناگزیر ہے ورنہ ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

شہبازشریف نے کہا بلوچستان و خیبرپختونخوا میں روزانہ بےگناہ عوام فتنہ الخوارج کی دہشتگردی کا نشانہ ،سکیورٹی فورسز کے جوان ملکی دفاع کیلئے بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں،شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،شہدا کی تضحیک کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،ملک تیزی سے معاشی استحکام ،ترقی کی جانب گامزن ہے، عسکری و سیاسی قیادت ملکر ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑی معیشت کو دوبارہ پٹڑی پر لائی، معرکہ حق کے بعد پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے، حکومت ملک کو معاشی ترقی کے سفر پر رواں دواں کرنے کیلئے دن رات ایک کیے ہوئے ہے، محنت سے پاکستان کوقرضوں سے نجات دلاکرخود انحصاری کی منزل حاصل کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا دہشتگردی کا خاتمہ کیے بغیر معاشی بحالی کے سفر پر گامزن نہیں ہوا جاسکتا، بزرگوں نے قربانیاں دےکر ملک کو آزادی سے ہمکنار کیا،دن رات محنت سے ترقی و خوشحالی ممکن ہے ، دنیا میں مقام حاصل کرنےوالی قوموں نے محنت کو اپنا شعار بنایا،پائی پائی بچا کر ملک کی معاشی تقدیر بدلیں گے اور قائد اعظم ،علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر بنائیں گے۔

شہبازشریف نے قومی معاملات پر یکجان ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا پوری دنیا معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی کی معترف ہے ، دشمن ورطہ حیرت میں ہے اور برادر ممالک خوشی سے پھولے نہیں سماتے ، دوست ممالک نے معرکہ حق میں فتح کو اپنی جیت سمجھ کر مبارکباد دی، ازلی دشمن کو شکست قیامت تک نہیں بھولے گا۔