پنجاب اسمبلی،عمران خان اور پی ٹی آئی پر پابندی کی قرارداد منظور
لاہور:(اپنے رپورٹر سے)پنجاب اسمبلی نے عمران خان اور پی ٹی آئی پر پابندی کی قرارداد منظور کرلی۔
ن لیگی رکن اسمبلی طاہر پرویز کی پیش کردہ قرارداد کے متن میں کہا گیاملکی حفاظت کرنےوالے اداروں نے بھارت جیسے 5 گنا بڑے دشمن ملک کو پچھاڑ کررکھ دیا،ملک کےخلاف بیان بازی ،انتشار پھیلانے اور پاکستان مخالف دشمن ملک کی آلہ کار جماعت ،بانی و لیڈر پر پابندی لگائی جائے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ملکی سالمیت و استحکام کےخلاف بات کرنے والاخواہ کسی بھی سیاسی و غیر سیاسی جماعت سے ہو کو قرار واقعی سزا دی جائے،ایوان پاکستان کے استحکام حفاظت کےلئے کام کرنے والے اداروں کے جوانوں ، سربراہوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
علاوہ ازیں ن لیگی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے 27 ویں آئینی ترمیم پرپیش کی گئی قرارداد بھی منظور کر لی گئی
قرارداد کے مطابق ایوان 27 ویں آئینی ترمیم کی مکمل حمایت کرتا ہے، ایوان سمجھتا ہے ترمیم ادارہ جاتی استحکام اور شفافیت کی ضامن ہے، ایوان اس امر پر زور دیتا ہے لوکل گورنمنٹ کو آئینی تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ کوئی بھی اس پر شب خون نہ مار سکے، ایوان آئینی عدالت کے قیام کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتا ہے، ترمیم سے عدلیہ کی آزادی اور غیر جانبداری کو تقویت ملے گی، ایوان تسلیم کرتا ہے صوبائی خودمختاری اور وفاقی توازن مزید مضبوط ہوگا، الیکشن کمیشن کو مزید خودمختار اور موثر بنایا جا رہا ہے، ایوان اعتراف کرتا ہے ترمیم انقلاب نہیں بلکہ ادارہ جاتی ارتقا ہے۔
دریں اثنا پنجاب اسمبلی میں پنجاب ایمرجنسی سروس (ترمیمی) ایکٹ 2025 کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا،ترمیم کے تحت پنجاب ایمرجنسی کونسل کے وائس چیئرمین کے محکموں میں تبدیلی کی گئی ،وزیر قانون کی بجائے وزیر ایمرجنسی سروس کو وائس چیئرمین تعینات کرنے کی تجویز پیش کی گئی،ترمیم سیکشن 6 کی شق (aa) میں کی گئی، محکمہ کے انتظامی درخواست پر تجویز پیش کی گئی تھی،ترمیم کا مقصد ایمرجنسی سروسز کے انتظام کو مزید موثر بنانا ہے، بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔


















