اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر) پی ٹی آئی رہنما شہزاد اکبر اشتہاری،گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ،عمر ایوب کی 3مقدمات میں ضمانت خارج کردی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شہزاد اکبر کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری آرڈر جاری کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دئیے،عدالت نے حکمنامے میں کہا شہزاد اکبر متعدد بار طلب کرنے کے باوجودپیش نہیں ہوئے، مقدمے کا چالان بھی عدالت میں جمع کرایا جا چکا۔
دوسری جانب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من بلوچ نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کےخلاف آڈیو لیک کیس پر سماعت کی،عدالت نے علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دےدیا،سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی عدم دستیابی کے باعث فرد جرم کی کارروائی بھی موخر کر دی گئی۔
ادھر انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے سانحہ 9 مئی کے 3مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی ضمانت خارج کردی،انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے درخواستوں پر سماعت کی،عدالت نے ملزم کی جانب سے عدم پیروی پر ضمانتیں ختم کیں ، حاضری معافی کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی،عدالتی حکم کے بعد عمر ایوب کی عبوری قانونی حیثیت ختم ہوگئی ،متعلقہ مقدمات پر مزید کارروائی آئندہ سماعت میں جاری رہے گی۔
شہزاد اکبر اشتہاری،گنڈا پور کے وارنٹ،عمر ایوب کی 3مقدمات میں ضمانت خارج
















