اسلام آباد،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)11ویں قومی مالیاتی کمیشن کے افتتاحی اجلاس میں مالیاتی امور آگے بڑھانے کےلئے ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا،وفاق نے مالی مطالبات کی بجائے صوبوں سے اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں ،سندھ کافراہم کرنے سے انکار ،ایف بی آر نے ٹیکس وصولیوں کا 5 فیصد صوبوں کو دینے کی مخالفت کردی۔
اجلاس میں سندھ،خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ بطور صوبائی وزیر خزانہ ، بلوچستان ، پنجاب کے وزرائے خزانہ اور پرائیویٹ اراکین نے شرکت کی،وزارت خزانہ نے وفاقی ،چاروں صوبوں کی جانب سے صوبائی مالی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فیصلہ کیا گیا وفاق ، صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کےلئے ورکنگ گروپ قائم کیا جائے، صوبوں میں ٹیکس وصولی ،سابق فاٹا کے معاملے پر الگ ورکنگ گروپ بھی شامل ہے،وفاق ،صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم کے معاملے پر اٹارنی جنرل سے رائے لی جائے گی،اجلاس میں سندھ نے وفاق کو اخراجات کی تفصیل دینے سے انکار کردیا، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ریونیو فورم ہے اخراجات کا نہیں ۔
ذرائع کے مطابق فی الحال صوبوں کے فنڈز میں کٹوتی پر کوئی بات نہیں ہوئی مگر ایف بی آر نے ٹیکس وصولیوں میں سے 5فیصد صوبوں کو دینے کی مخالفت کردی، آئندہ اجلاس 8 یا 15 جنوری کو ہوگا۔
وزیر خزانہ اورنگزیب نے خطاب میںوزرائے اعلیٰ، صوبائی وزرائے خزانہ، سیکرٹریز و دیگر اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہااجلاس آئینی ذمہ داری و باہمی تعاون کا اہم موقع ہے،فورم آئین کے آرٹیکل 150 کے تحت قائم کیا گیا ، 10ویں این ایف سی ایوارڈ کی مدت 21 جولائی 2025 کو پوری ہو چکی ، پس منظر میں اجلاس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے، وفاق کا واضح و پختہ عزم تھا 11ویں این ایف سی کا افتتاحی اجلاس بغیر کسی تاخیر کے بلایا جائے، وزیراعظم نے خود گہری دلچسپی لی اجلاس جلد از جلد ہو، صوبوں نے بھی آئینی ذمہ داری کو بروقت ادا کرنے کا بھرپور ارادہ ظاہر کیا۔
سینیٹر اورنگزیب نے کہا پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے باعث اجلاس موخر کرنا پڑا، قیاس آرائیوں ،خدشات کا بہترین حل مخلصانہ ،شفاف مکالمہ ہے، کھلے ذہن و بغیر کسی تعصب کے موجود ہیں،پہلی ترجیح ایک دوسرے کی بات سننا ، وفاقی حکومت صوبوں کے مو¿قف کو سننے کےلئے موجود ہے، امید ہے صوبے بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعمیری تعاون کے جذبے سے آگے بڑھیں گے، صوبوں کی جانب سے نیشنل فسکل پیکٹ پر دستخط انتہائی قابل قدر ،مشترکہ عزم ،قومی مفاد میں مل کر کام کرنے کی صلاحیت کا ثبوت ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا صوبوں کی جانب سے لازمی سرپلسز کے حصول ،آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد یقینی بنانے پر تعاون قابل تحسین ہے، رواں سال ملک کو بھارت کی جانب سے غیر معمولی خطرات ،شدید سیلابوں جیسے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، کٹھن حالات میں مضبوط وفاق کی صورت میں متحد کھڑے رہے،یہی جذبہ ہے جسے 11ویں این ایف سی ایوارڈ کے عمل میں بھی برقرار دیکھنا چاہتے ہیں،این ایف سی کا کردار وسائل کی منصفانہ تقسیم، مالیاتی استحکام ،پائیدار معاشی ترقی کےلئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے،سینیٹر اورنگزیب نے کہافورم موقع دیتا بہترین حکومتی ذہنوں کو ایک جگہ جمع کر کے مشترکہ سوچ و باہمی سیکھنے کے عمل کو آگے بڑھائیں، آنےوالے ہفتوں ،مہینوں میں بامقصد و تعمیری مباحث جاری رہیں گے، امید ہے تمام اراکین بامعنی ،جامع مکالمے کےلئے بھرپور عزم کےساتھ آگے بڑھیں گے،11ویں این ایف سی ایوارڈ کے معاملات کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانا منزل ہے۔
اجلاس کے بعد صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا فیصلہ ہوا مالیاتی امور آگے بڑھانے کیلئے گروپس بنیں گے ۔
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے کہا الگ الگ گروپس مختلف امور طے کریں گے،اجلاس بہت اچھے ماحول میں ہوا، کسی پر دباونہیں ڈالا گیا، سب کی بات سنی گئی، تمام نے اتفاق کیا معاملات کو ملکر آگے لے کر چلیں گے، صوبوں کے حصے میں کمی کی کوئی بات نہیں ہوئی،دوسری جانب وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا 3صوبوں کو حق دیا جارہا مگر افسوس خیبر پختونخوا محروم ہے، بیرسٹر گوہر کے ہاتھ میں ہوتا تو میری ملاقات پہلے ہوجاتی اور بانی پی ٹی آئی بھی ایک ماہ قید تنہائی میں نہ رہتے۔
اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا این ایف سی میٹنگ میں اپنا مدعا رکھا ، 25ویں ترمیم کے بعد قبائلی اضلاع کو کے پی میں ضم کیا گیامگرشیئر نہیں دیا جا رہا، میٹنگ میں کہااقدام غیر آئینی ہے، اصولی طور پر شرکامتفق ہوگئے اور فیصلہ ہوا آئندہ بدھ تک سب کمیٹی بنے گی، 8 جنوری تک اپنی سفارشات رکھیں گے، این ایف سی کی آئندہ میٹنگ جنوری میں ہوگی، کے پی عوام نے دہشتگردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں، انفرا اسٹرکچر تباہ ہوا ، بدقسمتی سے حق نہیں دیا گیا اب یقین دہانی کرائی گئی حق دیا جائے گا۔
این ایف سی اجلاس ، مالیاتی امور کےلئے ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ
















