بد قسمتی سے کچھ لوگوں کا کام سیاست میں نہیں مگر پھربھی مداخلت کر رہے ہیں،وزیراعلیٰ کے پی


پشاور:(بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا ہے بد قسمتی سے کچھ لوگوں کا کام سیاست میں نہیں مگر پھربھی مداخلت کر رہے ہیں،ہرحال میں امن بحال کریں گے، بند کمروں کے فیصلے اب قبول نہیں۔

پولیس فورس ،سول افسروں کے مشترکہ دربار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا موجودہ حالات غیر معمولی ہیں، خیبر پختونخوا 4 دہائیوں سے دہشتگردی کی زد میں ہے،پولیس نے کم وسائل کے باوجود21 سال دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے،پولیس کو بلٹ پروف گاڑیاں، جدید اسلحہ ، اینٹی ڈرون سسٹم فراہم کیا جا رہا ہے،وسائل کی کمی کو سکیورٹی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، شہید سول سرونٹس کے اہلخانہ کےلئے خصوصی پالیسی بنائیں گے،افسروں کے معاملات میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہوگی مگر رزلٹ دینا ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کرپشن کےخلاف زیرو ٹالرنس ہے، کوئی رعایت نہیں ہوگی، عوام کےلئے اوپن ڈور پالیسی اپنا لی،سرکاری افسروں کی کارکردگی پرفارمنس انڈیکیٹرز سے ناپی جائےگی، ایمان، حوصلے اور عزم سے دہشتگردی کو شکست دیں گے،بانی پی ٹی آئی کے ویژن کے مطابق عوام کو ریلیف دینا ہے۔