ٹرانسفر کیس:آئینی عدالت نے 5 ججوں کی درخواست خارج کر دی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی آئینی عدالت نے ججز ٹرانسفر کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے5 ججز کی درخواست سپریم کورٹ واپس بھیجنے کی استدعا مسترد کر دی،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6رکنی آئینی عدالت نے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر و دیگر ججز کے تبادلوں کو درست قرار دینے کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کی،بنچ میں جسٹس حسن اظہر رضوی ،جسٹس علی باقر نجفی،جسٹس کے کے آغا خان ،جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ بھی شامل تھے،سماعت کا آغاز ہوا تو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 5 ججز کے وکیل منیر اے ملک پیش نہ ہوئے، وفاقی آئینی عدالت نے عدم پیروی پر ہائی کورٹ ججز کی اپیل خارج کردی،کراچی باراور اسلام آباد بار کے سابق صدر کے وکیل فیصل صدیقی بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے، انٹرا کورٹ اپیل بھی عدم پیروی پر خارج کردی گئی،عدالت نے لاہور ہائی کورٹ اور لاہور بار ایسوسی ایشن کی حد تک انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی۔