پاک بحریہ کا بڑا آپریشن، 130 ملین ڈالر کی منشیات ضبط
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاک بحریہ کے جہاز تبوک نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول (RMSP) کے دوران کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کے تحت سعودی عرب کی زیر قیادت ٹاسک فورس CTF-150 کی معاونت کرتے ہوئے بحیرہ عرب میں مشکوک ماہی گیر کشتی کو روکا۔
ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد جہاز نے غیر رجسٹرڈ بے نامی کشتی پر بڑی انسداد منشیات کارروائی کرتے ہوئے 2000 کلوسے زائد میتھم فیٹامائن (ICE) قبضے میں لے لی، ضبط شدہ منشیات کی علاقائی مارکیٹ کے مطابق مالیت 130 ملین امریکی ڈالرز ہے۔
پی این ایس تبوک کی جانب سے حالیہ انسداد منشیات آپریشن 2ماہ میں پاک بحریہ کے جہازوں کی طرف سے کی جانے والی مسلسل تیسری کامیاب کارروائی ہے،آپریشنز سمندر میں غیر قانونی سمگلنگ کےخلاف پاک بحریہ کے پائیدار و غیر متزلزل عہد کی عکاسی کرتے ہیں، حالیہ کامیاب آپریشن میں بڑی مقدار میں منشیات کا پکڑا جانا نہ صرف بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو اجاگر کرتا بلکہ کمبائند میری ٹائم فورسز(CMF) کے تحت کثیرالقومی ہم آہنگی کی افادیت کو بھی ظاہر کرتا ہے،پاک بحریہ قومی بحری مفادات کے تحفظ اور UNCLOS کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے اپنے مشن میں نہ صرف پر عزم بلکہ باہمی تعاون ،مربوط میری ٹائم سکیورٹی کوششوں کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔



















