نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے حلف اٹھا لیا

مظفر آباد: (بیورورپورٹ) فیصل ممتاز راٹھور آزادکشمیر کے 16ویں وزیراعظم بن گئے، حلف اٹھا لیا،تقریب ایوان صدر مظفر آباد میں ہوئی ،سپیکر آزاد کشمیر چودھری لطیف اکبر نے نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے حلف لیا۔

تقریب میں چیئرمین پی پی بلاول بھٹو،گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی، فریال تالپور ،چودھری قاسم، ضیا قمر، سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس، سابق صدر و وزیراعظم سردار یعقوب خان،پی پی آزاد کشمیر کے صدر چودھری یاسین،سابق ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار ، مرکزی رابط سیکرٹری پی پی آزاد کشمیر عامر ذیشان جرال ، سابق وزیر چودھری قاسم، معیز مجید، سابق معاون خصوصی سردار امجد یوسف ، انچارج پی پی آزاد کشمیر چودھری ریاض،نیویارک میں روزنامہ مشرق کے بیوروچیف خواجہ فاروق،شاہ غلام قادر، پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما چودھری ریاض، قاضی اظہر ،انیس جرال،چیئرمین کشمیر کمیٹی پریس کلب میر پور ظفر مغل ، سردار افضال چودھری،ذوالفقار اعظم، سردار خالد چغتائی ،اراکین اسمبلی، سیکرٹریز حکومت، سربراہان محکمہ جات ، اعلیٰ سول قیادت و عسکری حکام ،پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

نومنتخب وزیراعظم کا نوٹیفکیشن چیف سیکرٹری خوشحال خان نے پڑھ کر سنایا،نظامت کے فرائض سیکرٹری صدارتی امور شاہد ایوب نے سرانجام دئیے،کارکنوں کاجوش وخروش دیدنی رہا،جئے بھٹو،وزیراعظم بلاول بھٹو،کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے گئے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ممتازراٹھور نے کہا ذمہ داری سوپننے پرصدر آصف زرداری، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو، فریال تالپور کا شکر گزار ہوں ،مشکل وقت میں ذمہ داری نبھانا آسان نہیں، عوام کی توقعات پر پورا اتروں گا، پیپلز پارٹی نے عوام کےساتھ دوبارہ رشتہ جوڑنے کی ذمے داری اٹھالی ، ملکی دفاع کیلئے قربانیاں دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا آزادکشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے ،حقیقی معنوں میں بیس کیمپ کا کردار ادا کرکے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی آواز کو بھرپور انداز میں دنیا تک پہنچایا جائے ،خطے کی تعمیروترقی بھی ترجیح ہے، عوامی حکومت عوام کے اندر سے نکل کر آئی ، وزیراعظم شہباز شریف کابھی شکریہ ادا کرتا ہوں آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کی حمایت کافیصلہ کیا،میرے نزدیک شیر کی ایک دن کی زندگی گیدڑ کی 100 سالہ زندگی سے بہتر ہے،جیالا ریاست کا وزیراعظم اور فرض ہے لوگوں کا احساس محرومی دور کرے،کھلی کچہریاں لگا کر نچلی سطح تک جا کر عوام کی خدمت کو یقینی بنائیں گے،آزادکشمیر بھر سے عوام کی تقریب حلف برادری میں شرکت پیپلز پارٹی کی حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔