وفاقی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں27 ویں ترمیم میں مزید ترامیم شامل کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس آج کسی بھی وقت ہونے کا امکان ہے، اجلاس میں ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا معاملہ زیر غور آئیگا اور سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اہم فیصلوں کے علاوہ 27ویں آئینی ترمیم میں مزید ترامیم متوقع ہیں۔

حکومت کی جانب سے کابینہ ارکان کو اجلاس کیلئے دستیابی یقینی بنانے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جاسکتے ہیں، دیگر اہم فیصلوں کی منظوری کا بھی امکان ہے۔ کابینہ ارکان کو باضابطہ طور پر اجلاس کے ایجنڈے سے آگاہ نہیں کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم میں اضافی ترامیم قومی اسمبلی میں پیش کی جائیں گی، حکومت اور اپوزیشن کی اضافی ترامیم پیش کی جائیں گی، قومی اسمبلی سے اضافی ترامیم کی منظوری پر بل دوبارہ سینیٹ کو بھجوایا جائیگا۔ حکومت اضافی ترمیم کی منظوری وفاقی کابینہ سے لے گی، وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس آج ہی ہوگا، سینیٹ کا اجلاس بھی آج شام 5 بجے بلا لیا گیا ہے۔

دوسری جانب 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے معاملے پر اپوزیشن نے بھی بل کے خلاف 11 ترامیم لانے کا فیصلہ کیا ہے، اپوزیشن کی ترامیم اعلی عدالتی ڈھانچے میں تبدیلی کے خلاف ہیں، اپوزیشن نے استثنیٰ کے معاملے پر بھی ترامیم جمع کروائی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خود کش دھماکے میں 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہوگئے تھے، پاکستان میں حالیہ عرصے میں افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کی جانب سے دہشت گردی کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

گزشتہ ماہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد پر کشیدگی کے بعد جھڑپیں بھی ہوئیں، جس میں دونوں جانب جانی نقصان ہوا تھا، پاکستان نے کابل میں فضائی حملے کرکے ہائی ویلیو ٹارگٹ کو ہدف بنایا تھا، تاہم باضابطہ طور پر پاکستان نے فضائی حملے کا اعتراف نہیں کیا۔

دونوں اسلامی پڑوسی ملکوں میں کشیدگی کے بعد دوست ممالک متحرک ہوئے، اور قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات کا پہلا دور ہوا، جس میں جنگ بندی معاہدہ طے پا گیا تھا، تاہم معاہدے کے اگلے مرحلے میں پاکستان نے افغان طالبان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ٹھکانوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا، جس پر تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی جانب سے افغان طالبان پر پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث افغان سرزمین پر موجود گروپوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ قطر کے بعد ترکیہ کے دارالحکومت استنبول میں بھی پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات ہوئے جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئے تھے، جس کے بعد دونوں ثالث ممالک کے وفود پاکستان اور کابل میں بات چیت کیلئے پہنچے تھے۔