اسلام آباد: جوڈیشل کمپلیکس کے قریب خودکش دھماکہ، 12 افراد شہید، متعدد زخمی

اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے قریب خود کش دھماکے میں 12 افراد شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ دوپہر تقریباً ساڑھے 12 بجے جوڈیشل کمپلیکس میں کھڑی گاڑی میں زور دار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ دھماکے سے گاڑی میں آگ لگ گئی اور قریب کھڑی گاڑیاں بھی آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔

ابتدائی کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں وکلا اور سائلین بھی شامل ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ خودکش تھا اور جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا سر بھی مل چکا ہے، کچہری کے باہر دھماکے میں ہندوستانی حمایت یافتہ اور افغان طالبان کی پراکسی فتنہ الخوارج ملوث ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھما کے کے وقت کچہری ایریا میں لوگوں کی آمدورفت زیادہ تھی جس سے سائلین بھی زخمی ہوئے، زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے پمزہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور دھماکے کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے۔

کچہری کے باہر دھماکے کے بعد عمارت خالی کرا لی گئی، وکلا، ججوں اور سائلین کو کچہری سے نکال دیا گیا، جوڈیشل کمپلیکس کے عقبی حصے کی طرف سے شہریوں اور وکلا کو نکالا گیا، ججوں کو بھی روانہ کر دیا گیا۔