سکیورٹی فورسز کی شوال، درہ آدم خیل میں کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 20 خوارج جہنم واصل

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں میں بھارتی حمایت یا فتہ 20 خوارج جہنم واصل کر دیئے،آئی ایس پی آر کے مطابق 8 اور 9 نومبر کو 2 مختلف کارروائیاں کی گئیں، پہلی کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، آپریشن کے دوران 8 بھارتی حمایت یافتہ جہنم واصل کر دیئے گئے،سکیورٹی فورسز نے درہ آدم خیل میں دوسری کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 خوارج جہنم واصل کئے،آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے،’ ’عزمِ استحکام“ کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت کےساتھ جاری رکھیں گے، ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائےگا، ادھر وزیراعظم شہباز شریف ،وزیر داخلہ محسن نقوی نے شوال، ضلع شمالی وزیرستان اور درہ آدم خیل میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کےخلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ملک کی حفاظت کی خاطر سکیورٹی فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں، بروقت کارروائیاں کرکے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کےلئے پر عزم ہیں، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابیاں سمیٹیں،پوری قوم سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے۔