27ویں ترمیم ہولناک اور تباہ کن، اپوزیشن یکسر مسترد کرے، حافظ نعیم الرحمن
لاہور (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے 27ویں ترمیم پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ترمیم ہولناک اور ملک کےلئے تباہ کن ہے،صدر کےلئے تاحیات استثنیٰ ، محاسبہ نظام کے خاتمے کی تفصیلات ہولناک ہیں، اپوزیشن یکسرمسترد کرے۔
عوامی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پراپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا 27ویں ترمیم دینی، آئینی، جمہوری،سماجی و سیاسی اعتبار سے غلط و شرمناک اور نظام انصاف پر شب خون مارنے کے مترادف ہے،قوم انگشت بدنداں ہے پی ڈی ایم ،پیپلزپارٹی کی جمہوریت کیا کیا گل کھلائے گی،وصیت، وراثت ،وڈیرہ شاہی پر پارٹی چلانے،ممبران پارلیمنٹ کی خریدوفروخت کرنے والے عوام کے سامنے خود کو جواب دہی کا پابند سمجھتے تھے نہ ہی عدالتوں کے سامنے جوابدہ رہنا چاہتے ہیں،اپوزیشن متحد ہوکر سازش ناکام بنائے ۔
















