لاہور:(خبر نگار)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاہے حکومت کے پاس ترمیم کا استحقاق ہی نہیں ، دو تہائی اکثریت کے بغیر آئین میں ترمیم نہیں کی جاسکتی،حکومت رات کے اندھیرے میں ترامیم منظور کراتی ہے ، پتہ چلا ہے آئینی عدالت میں ججوں کی سلیکشن وزیر اعظم کریں گے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہااقدام سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد متاثر ہوگا ، 26 ویں ترمیم میں سپیشل کمیٹی میں جو مسودہ پی ٹی آئی کےساتھ منظور ہوا وہ سینٹ میں پیش نہیں کیا گیا ،27 ویں ترمیم سے وفاق ،صوبے سب متاثر ہوں گے، 26 ویں ترمیم بھی غلط تھی،ملک میں 23لاکھ زیر التوا کیسوں پر فیصلے ہونے چاہئیں، پنجاب میں گڈ گورننس نہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کےلئے عدلیہ اپنا کردار ادا کرے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا عمران خان کی رہائی جب بھی ہوئی کسی ڈیل نہیں قانون کے تحت ہوگی ،شاہ محمود قریشی نے پارٹی اور جمہوریت کےلئے قید و بند برداشت کی،اشتعال انگیزی سے پرہیز کرتے ہیں، کوئی گوریلا فورس ہیں نہ کسی بیرونی طاقت کے منتظر ہیں ۔
حکومت کے پاس ترمیم کا استحقاق ہی نہیں،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر
















