قلات،بھارتی حمایت یافتہ 4دہشتگرد جہنم واصل،چارسدہ،جے یو آئی رہنما قتل


پشاور،چارسدہ:(بیورورپورٹ)قلات میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ،بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یکم نومبر کی رات سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، کارروائی میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر عمل میں لائی گئی تھی،آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی یافتہ 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، مارے جانےوالے دہشت گرد مختلف تخریبی اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے،آپریشن کے دوران ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنےوالے ادارے عزمِ استحکام ویژن کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھے ہوئے ہیں

دوسری جانب چارسدہ میں تھانہ مندنی کی حدود مندنی ٹو تخت بھائی روڈ حنیف پٹرول پمپ کے قریب موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے جے یو آئی سینئر رہنما مولانا عبدالسلام کو قتل کردیا،مولانا عبدالسلام تحصیل تنگی اینگر باڑی بند کے مدرسہ ابوبکر صدیق کے مہتمم تھے، صوبائی شوریٰ کے رکن تھے۔