بلوچستان، کے پی کے، سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 22 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (مشرق نیوز) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے علاقوںچلتن ، کیچ اور باجوڑ میں کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 22 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کو چلتن کے پہاڑی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس معلومات ملیں جس پر سکیورٹی فورسز فوری حرکت میں آئیں اور آپریشن شروع کر دیا۔ ضلع کوئٹہ کے پہاڑی علاقے چلتن میں سکیورٹی فورسز اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 14 دہشت گرد مارے گئے۔

دوسرے آپریشن میں ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کی پناہ گاہ کو نشانہ بنایا گیا جہاں بھارتی حمایت یافتہ 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ کیچ اور چلتن میں کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ، گولیاں اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا، مارے جانے والے افراد دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاک، افغان بارڈر پر سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے 29 اور 30 کی درمیانی شب باجوڑ میں پاک، افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش کی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے گروہ کی دراندازی کیخلاف موثر کارروائی کی گئی اور ان کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب خارجی امجد عرف مزاحم بھی شامل تھا، ہلاک ہونے والا خارجی امجد، خوارج کمانڈر نور ولی کا نائب تصور کیا جاتا تھا اور بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی رہبری شوریٰ کا سربراہ تھا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق خارجی کمانڈر امجد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا جب کہ حکومت نے اسکے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی تھی، ہلاک ہونیوالا دہشت گرد افغانستان میں رہائش پذیر ہونے کے باوجود پاکستان کے اندر متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا۔