استنبول: (مشرق نیوز)طالبان کی ضد ،ہٹ دھرمی سے امن معاہدہ سوالیہ نشان،مذاکرات میں ڈیڈلاک ،دوست ممالک نے آخری کوشش شروع کردی،استنبول میں پاکستان ،افغان طالبان کے درمیان جاری مذاکرات کا تیسرا دور 18 گھنٹے طویل بات چیت کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران افغان طالبان کے وفد نے خوارج (ٹی ٹی پی) ، دہشتگردی کےخلاف مصدقہ و یقینی کارروائی کے پاکستانی مطالبے کو متعدد بار منطقی ،جائز قرار دیا،میزبان ثالثوں کی موجودگی میں بھی وفد نے بنیادی مسئلے کی سنگینی کو تسلیم کیا تاہم ہر مرتبہ کابل سے موصول ہونے والی ہدایات کے بعد افغان وفد موقف تبدیل ہوتا رہا۔
کابل سے آنےوالے غیر منطقی و ناجائز مشورے بات چیت کے بے نتیجہ رہنے کا باعث بنے، پاکستان نے عملی اقدامات کےلئے تحریری ضمانت کا مطالبہ کیا تاہم طالبان نے کالعدم ٹی ٹی پی و دیگر دہشتگرد گروپوں کےخلاف کارروائی کی تحریری یقین دہانی سے گریز کیا،مذاکرات میں شریک ثالث و میزبان ممالک نے فریقین پر زور دیا بات چیت کے عمل کو جاری رکھا جائے۔
ذرائع کے مطابق دوست ممالک کی جانب سے بات چیت کو نتیجہ خیز بنانے کی آخری کوششیں جاری ہیں،پاکستانی وفد نے مذاکرات کے دوران واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کسی بھی دہشتگرد تنظیموں کے حملے کا جواب ٹھکانے پر دیں گے، دہشتگردی ہوئی تومناسب انداز میں جواب دیا جائےگا،ذرائع کے مطابق پاکستان ،میزبان فریق اب بھی نہایت سنجیدگی و تدبر کےساتھ پیچیدہ معاملات کو حل کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں،آخری کوشش جاری ہے طالبان کی ہٹ دھرمی کے باوجود معاملات کو مکالمے و منطق کے ذریعے حل کیا جائے۔
طالبان کی ضد ،ہٹ دھرمی ، امن معاہدہ سوالیہ نشان،مذاکرات میں ڈیڈلاک
















