نیویارک (رپورٹ: خواجہ فاروق) آزاد کشمیر حکومت کی تبدیلی آخری مراحل میں داخل ہو گئی۔اسمبلی کے منتخب ممبران کی اکثریت تبدیلی کو خدا کی رحمت سے تشبیہ دینے لگی۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے کشمیری عوام اور مہاجرین کو گروپوں میں تقسیم کر کے نفرت کے بیج بونے کی کوشش شروع کر دی تھی جبکہ تحریک آزادی کشمیر کی تحریک کو نقصان پہنچانے کیلئے فیڈریشن کی حیثیت کو بھی ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، چیئرپرسن پی پی پی آزاد کشمیر فریال تالپور ، چوہدری ریاض ، چوہدری یاسین ، سردار یعقوب ، چوہدری لطیف اکبر اور سردار تنویر الیاس کے مشکور ہیںجنہوں نے ہنگامی طور پر پاکستان کی تمام سیاسی قوتوں اور ملکی سلامتی کے تمام اداروں کو اعتماد میں لیکر آزاد کشمیر کی نااہل حکومت سے نجات دلانے کیلئے قائل کیا اور غیر مقبول وزیراعظم انوارالحق کو آئین کے مطابق عدم اعتماد کے ذریعے ہٹانے پر اتفاق کیا گیا ۔بتایا جاتا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک کو وزیر اعظم پاکستان شہبازشریف، صدر آصف علی زرداری اور سپہ سالار فیلڈمارشل سید عاصم منیر کی حمایت بھی حاصل ہے تاکہ ایک سیاسی جماعت کے مقبول ترین کشمیری لیڈر کو وزیراعظم بنایا جاسکے جو کشمیر عوام اور مہاجرین کو متحد رکھ سکے اور انکے دیرینہ مسائل سیاسی انداز میں حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ بتایا جاتا ہے کہ چوہدری انوارالحق کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک کو کامیاب کروانے کیلئے مسلم لیگ (ن)نے بھی اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے تاکہ آزاد کشمیر میں ایک نام نہاد ایکشن کمیٹی سے بلیک میل ہونے سے بچا جاسکے اور آزاد کشمیر کی منتخب اسمبلی کے ذریعے 1974 ایکٹ کے مطابق نظام حکومت کو چلایا جا سکے ۔ بتایا جاتا ہے پیپلز پارٹی کی طرف سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کیلئے تین مضبوط امیدوار سامنے آچکے ہیں جن میں جاٹ برادری سے چوہدری یاسین، گجر برادری سے چوہدری لطیف اکبر اور راجپوت برادری سے سردار یعقوب خان شامل ہیں ۔پیپلز پارٹی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کیلئے سب سے زیادہ مضبوط امیدوار چوہدری یاسین ہیں۔چوہدری یاسین کا تعلق اوورسیز کی حیثیت سے بھی نمایاں ہے کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے بین الاقوامی طور بھی موثر کردار ادا کر سکیں گے تاہم دوسری طرف سردار یعقوب خان اور چوہدری لطیف اکبر بھی وزیر اعظم بننے کیلئے متحرک ہیں اور اپنی قیادت کو اعتماد میں لینے کیلئے بھر پور کوشش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ فریال تالپور چوہدری یاسین کو نیا وزیر اعظم آزاد کشمیر بنانے کیلئے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کو آگاہ کر چکی ہیں جس سے دونوں رہنماو¿ں نے بھی اتفاق کر لیا ہے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں رہنے والے کشمیری اس نااہل حکومت کیخلاف عدم اعتماد لانے پر خوش ہیں اور پی پی پی کی مرکزی قیادت کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں کہ انہوں نے آزاد کشمیر میں ہونے والی خرابیوں کو سلجھانے کیلئے سیاسی طریقے سے تبدیلی لاکر پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کی کوشش کی اور ایک امید کی کرن پیدا کی ہے جس سے کشمیری متحد ہوکر کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے اور فیڈریشن کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ دوسری طرف بتایا جاتا ہے کہ ایک مخصوص سرکاری ادارہ چوہدری لطیف اکبر کو وزیراعظم بنوانے میں انتہائی سنجیدہ دکھائی دے رہا ہے ۔سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کا حتمی فیصلہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کسی وقت بھی کر سکتے ہیں جس کی حمایت مسلم لیگ (ن) کی قیادت بھی کریگی تاکہ ملک میں طاقت کا توازن برابر ہو سکے۔
آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی آخری مراحل میں داخل



















