پاکستان دہشتگردی کےخلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ ہے،محسن نقوی


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائمقام امریکی سفیر، آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقاتیں،دوطرفہ تعلقات ،مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرداخلہ نے کہا مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا کریڈٹ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جاتا ہے،پاکستان دہشتگردی کےخلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ ہے، پاکستان نے دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کی جنگ کی بھاری قیمت ادا کی اور کر رہا ہے۔

قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے پاکستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں، تعاون جاری رکھیں گے۔

مزید بر آں وزیر داخلہ محسن نقوی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی دوران ملاقات ،پاک آسٹریلیا تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں کوسٹ گارڈز، بارڈر مینجمنٹ اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی،آسٹریلوی ہائی کمشنر نے حالیہ ناخوشگوار واقعات میں پولیس افسر اور دہشت گرد حملوں میں فورسز کے افسروں وجوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا،آسٹریلوی ہائی کمشنر نے قذافی سٹیڈیم کی خوبصورت انداز میں بحالی کے کام کی تعریف کی۔

وزیر داخلہ نے کہا غیر قانونی امیگریشن کی حوصلہ شکنی اور قانونی امیگریشن کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں، ایسے افراد کو وطن واپسی پر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، غیر قانونی انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے، محسن نقوی نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں آسٹریلوی ہائی کمشنر کی کاوشوں کو سراہا اور نیل ہاکنز کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔