تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی پر پرنسپل کیخلاف ایکشن ہوگا، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دئیے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی میں کوئی ملوث ہوا تو ایکشن پرنسپل کےخلاف لیاجائےگا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام منہاس نے وفاقی تعلیمی اداروں میں منشیات کی شکایات کےخلاف کیس پرسماعت کی ، پولیس دوران سماعت نے رپورٹ جمع کرادی، رپورٹ کے مطابق وفاقی پولیس کی جانب سے رواں سال 1314 منشیات کیسز درج کیے گئے اور 1408 ملزموں کو گرفتار کیا گیا،تعلیمی اداروں کے گرد و نواح سے 22 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کیے جبکہ تعلیمی اداروں کے گردونواح سے3 کلو ہیروئن، 3 کلو آئس اور 18 کلو چرس پکڑی گئی،پولیس اور سرکاری وکیل نے کہا وفاقی پولیس کی جانب سے ”نشہ اب نہیں“ مہم شروع کردی گئی ، تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کےلئے کمیٹیاں بناکرآگاہی مہم چلائی گئی، سیمینارز کرائے گئے۔

جسٹس انعام منہاس نے کہا سکول کمیٹی کیسے بنارہے ہیں؟ کمیٹی کی کارکردگی رپورٹ دینا ہوگی، تعلیمی اداروں میں کوئی بھی تقریب ہو یا کوئی چیز اندر آنی ہو تو پرنسپل سے اجازت لیں، منشیات سپلائی میں کوئی ملوث ہوا تو ایکشن پرنسپل کےخلاف لیا جائےگا، جرمانے مسئلے کا حل نہیں، ریگولیٹر نے دیکھنا ہے، منشیات سمگلنگ بہت خطرناک ہے جس کے بہت سے طریقے ہیں، جو پکڑا جاتا ہے اس سے پوچھیں کس کس سکول کو منشیات سپلائی کرتا ہے، ایس او پی میں ڈالیں اگر شکایت ہوئی تو سکول پرنسپل اور مالک کےخلاف بھی کارروائی ہوگی،جسٹس انعام نے پولیس حکام کوکہا جتنے مقدمات ہوئے تعلیمی اداروں میں جاکر دیکھیں اور رپورٹ دیں اگر سکول، کالج اور یونیورسٹیز تک منشیات پہنچے تو انتظامیہ ذمہ دار ہے۔