راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سرحد پار سے جارحیت کابھرپور جواب،قندھار ،کابل میں ٹارگٹڈ کارروائیاں،دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ،50سے زائد ہلاک،افغان طالبان نے گھٹنے ٹیک دئیے،پاکستان نے سیز فائر کی درخواست منظور کرلی۔
پاک فوج نے چمن کے علاقے سپن بولدک ،ژوب میں افغان طالبان ،فتنہ الخوارج کے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے متعدد طالبان کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افغان طالبان کا سپن بولدک میں بہیمانہ حملہ ناکام بنا یا ،پاکستانی افواج نے موثر جواب کارروائی میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا، افغان طالبان نے سپن بولدک کے 4 مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، پاکستانی فورسز نے موثر طریقے سے پسپا کر دیا، مقامی بٹی بستیوں کے ذریعے کیا گیا منظم حملہ شہری آبادی کی جان و مال کی پرواہ کیے بغیر انجام دیا گیا،جوابی کارروائی میں متعد دافغان طالبان ہلاک و زخمی ہوگئے،طالبان نے اپنی جانب سے پاک افغان فرینڈشپ گیٹ کو بھی تباہ کرنے کی کوشش کی جو سرحدی تجارت و قبائلی آمد و رفت میں سہولت کےلئے اہم ہے، صورتحال ابھی بھی برقرار ہے ،فتنہ الخوارج ،افغان طالبان کے سٹیجنگ پوائنٹس پر اضافی تعیناتیوں کی رپورٹس موصول ہو رہی ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا سپن بولدک میں حملہ کوئی الگ واقعہ نہیں تھا،14،15 اکتوبر کو افغان طالبان ،فتنہ الخوارج نے خیبر پختونخوا کے کرم سیکٹر میں بھی پاکستانی بارڈرز پر حملوں کی کوشش کی جنہیں موثر انداز میں پسپا کیا گیا،جوابی کارروائی میں افغان مراکز کو بھاری نقصان پہنچا، 8 پوسٹس بشمول 6 ٹینک تباہ ،اندازے کے مطابق 25 تا 30 افغان طالبان ،فتنہ الخوارج کے جنگجو مارے گئے،بیان میں افغان طالبان کے تاثر کو مسترد کیا گیا حملہ پاکستان کی طرف سے شروع کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا طالبان انتظامیہ کے پروپیگنڈے کو عام حقائق کی جانچ سے آسانی سے بے نقاب کیا جا سکتا ہے،پاک افواج ملکی خودمختاری ،سرحدی سالمیت کے دفاع کےلئے پختہ عزم رکھتی ہیں، کسی بھی جارحانہ اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے قندھار اور کابل میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کیں، فتنہ الخوارج کے مرکز و قیادت کو نشانہ بنایا،شہری آبادی سے الگ تمام اہداف کو باریک بینی سے منتخب کرکے کامیابی سے تباہ کیا گیا،کابل میں فتنہ الخوارج کے مرکز ،لیڈرشپ ،قندھار میں افغان طالبان کی بٹالین ہیڈکوارٹر نمبر 4، 8 اور بارڈر بریگیڈ نمبر 5 کے اہداف کو نشانہ بنایا۔
دریں اثنا افغان طالبان کی درخواست پر پاکستان نے اگلے 48 گھنٹوں کےلئے سیزفائر کرلیا،وزارت خارجہ کے مطابق افغان طالبان رجیم کی درخواست پر باہمی رضامندی سے48 گھنٹوں کےلئے عارضی طور پرجنگ بندی کا فیصلہ کیا گیا ،دونوں اطراف تعمیری بات چیت کے ذریعے پیچیدہ مگر قابل حل مسئلے کا مثبت حل تلاش کرنے کی مخلصانہ کوشش کریں گے۔
علاوہ ازیں پاک فوج نے مہمند میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے تشکیل میں آنے والے 30 خوارج ہلاک کر دئیے، پاک فوج کی سخت جوابی کارروائی کے باعث افغان طالبان فتنہ الخوارج پر انحصار کرنے پر مجبور ہوگئے ، فتنہ الخوارج کی مدد سے بڑی تشکیل مہمند بھیجنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سکیورٹی ذرائع کے مطابق تشکیل بھیجنے کا مقصد سرحدی علاقہ ترکمان زئی سے دراندازی کرکے دہشتگردی پھیلانا اور ہزیمت کا بدلہ لینے کی ناکام کوشش تھی۔
مزید برآں شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے 7 خوارج کو ہلاک کردیا،دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائی اباخیل میں کی گئی،ہلاک کیے گئے خوارج علاقے میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
جارحیت کابھرپور جواب،50سے زائد دہشتگرد ہلاک،افغان طالبان نے گھٹنے ٹیک دئیے،سیز فائر
















