ضلع چمن ، کرم سیکٹر میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملے ناکام، 50 حملہ آور ہلاک

کوئٹہ (مشرق نیوز) پاک فوج نے بلوچستان کے سرحدی ضلع چمن کے علاقے سپن بولدک اور خیبرپختونخوا کے کرم سیکٹر میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملے ناکام بناتے ہوئے 45 سے 50 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا، جبکہ جوابی کارروائی میں کئی چیک پوسٹیں اور ٹینک بھی تباہ کئے گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری بیان کے مطابق 15 اکتوبر 2025 کو علی الصبح افغان طالبان نے بلوچستان کے علاقے سپن بولدک میں 4 مختلف مقامات پر بزدلانہ حملے کئے جنہیں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بھرپور اور موثر انداز میں ناکام بنا دیا، اس دوران 15 سے 20 افغان طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

بدقسمتی سے یہ حملے علاقے کے تقسیم شدہ دیہات کے راستے سے کئے گئے جن میں شہری آبادی کی سلامتی کا کوئی لحاظ نہیں رکھا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ افسوسناک طور پر افغان طالبان نے اپنی جانب واقع پاک، افغان دوستی گیٹ کو بھی تباہ کر دیا، جو باہمی تجارت اور سرحدی قبائل کے روایتی حقوق کے بارے میں انکی سوچ کا واضح عکاس ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی کے دوران 15 سے 20 افغان طالبان ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے، صورتحال تاحال برقرار ہے، فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے مزید جتھوں کے جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سپن بولدک کا واقعہ منفرد یا الگ نوعیت کا نہیں ہے، 14 اور 15 اکتوبر کی شب افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے خیبر پختونخوا کے کرم سیکٹر میں پاکستانی سرحدی چوکیوں پر حملے کی کوشش کی تھی جسے پاکستانی فورسز نے بہادری سے پسپا کر دیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی میں افغان چوکیوں کو بھاری نقصان پہنچا اور دشمن کی 8 چوکیوں کے علاوہ 6 ٹینک بھی تباہ کئے گئے جبکہ 25 سے 30 دہشت گرد مارے جانے کی اطلاعات ملی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ یہ بے بنیاد الزامات کہ حملہ پاکستان نے شروع کیا، سراسر جھوٹ اور گمراہ کن پروپیگنڈا ہے، یہ بالکل اسی طرح ہے جیسے پاکستانی چوکیوں یا سازوسامان کے قبضے کے جھوٹے دعوے کئے جاتے رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان حکومت کی گمراہ کن تشہیر کو بنیادی حقائق کی جانچ سے باآسانی بے نقاب کیا جا سکتا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے آخر میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار اور پرعزم ہیں، پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام کا بھرپور اور موثر جواب دیا جائیگا۔ دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپن بولدک میں مزید افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے اکٹھے ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، تاہم پاکستان کی فورسز چوکس اور الرٹ ہیں۔