فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن کو پسپائی پر مجبور کیا،وزیراعظم


لاہور، اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید 23 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں،فوج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بے پاک قیادت میں پاک فوج نے اشتعال انگیزی کا نہ صرف بھرپور جواب دیا بلکہ متعدد پوسٹس تباہ کر کے دشمن کو پسپائی پر مجبور کیا۔

شہبازشریف نے کہا ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا،ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور و موثر جواب دینگے،دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں ،پاک فوج نے ہمیشہ ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ،پوری قوم سکیورٹی فورسز کےساتھ کھڑی ہے ،کئی مرتبہ افغانستان کو فتنہ الخوارج ،فتنہ الہندوستان جیسے دہشت گرد عناصر کی معلومات دیں، دہشت گرد تنظیموں کو افغانستان میں موجود عناصر کی حمایت حاصل ہے،پاکستان توقع رکھتا ہے افغان نگران حکومت یقینی بنائے گی کابل کی سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال نہ ہو۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا افغان فورسز کی جانب سے سرحدی علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ ،حملے سنگین اشتعال انگیزی ہیں،پاکستان کے مناسب جوابی حملے و کارروائیاں طالبان کے ڈھانچے کو نشانہ بنانے ، افغان سرزمین سے کام کرنےوالے فتنہ الخوارج ،فتنہ الہندوستان نامی دہشت گرد عناصر کو نیوٹرلائز کرنے کےلئے ہیں،دفاعی کارروائیاں امن پسند افغان شہری آبادی کےخلاف نہیں۔

اسحاق ڈار نے کہاتوقع ہے طالبان حکومت دہشت گرد عناصر،سہولت کاروں کےخلاف ٹھوس اقدامات کرے گی جو پاک افغان تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں،پاکستان اپنی خودمختاری،عوام کے تحفظ کےلئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا موجودہ حالات کی وجہ افغان حکومت کاعدم تعاون ہے ،سرحد پار سے ہونےوالے حملوں کا بھرپور جواب دیتے رہیں گے،افغانستان کوہمیشہ کہا اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دےں،فتنہ الخوارج ،افغان نیکسز میں بھارت بھی شامل ہوگیا، دہشت گردوں ،افغان حکومت کا گٹھ جوڑ ہے، بھارت براستہ کالعدم ٹی ٹی پی پراکسی وار کرے تو بھی شکست ہوگی۔

خواجہ آصف نے کہامیراموقف ہے افغان مہاجرین کو واپس جانا چاہئے، بھارت جنگ میں ملی شکست کے زخم چاٹ رہا ہے، بہادرافواج نے افغانستان کو بھرپورجواب دیا،مہاجرین کی مزید میزبانی کیلئے تیار نہیں، سرحدوں کی حفاظت ،افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے پرعزم ہیں،دنیا کو پتہ لگ گیا بھارت کی کیا اوقات ہے، وزیر دفاع نے کہاڈیفائن تعلقات کے فیز میں آنا ہوگا،چاہتے ہیں سرحدوں کا احترام ہو،احترام نہ کیاگیا تو سلسلہ چلتا رہےگاپھر دراندازی کامنہ توڑ جواب دینا پڑےگا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا بہادر فورسز نے فوری موثر جواب دےکر ثابت کیا کسی بھی اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا،افغان فورسز کی شہری آبادی پر فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، فورسز چوکس ہیں ،اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جا رہا ہے،افغانستان کو بھی بھارت کی طرح منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا دفتر خارجہ نے افغان جارحیت پر واضح ،دوٹوک موقف جاری کردیا،بات قابل غور ہے پاکستان کےخلاف جارحیت ایسے وقت میں کی گئی جب افغان وزیر خارجہ بھارت کے دورے پر ہیں،اقدام قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔

مصدق ملک،علیم خان ودیگر سیاسی قیادت نے کہا ثابت ہو گیاخطے میں کشیدگی کے پیچھے بھارتی ہاتھ ہی کار فرما ہے،پاک فوج نے بیرونی جارحیت کا بھر پورجواب دے کر وطن عزیز کا دفاع ممکن بنایا ، افغان وزیر خارجہ کے دورہ بھارت کے موقع پر کارروائیاں معنی خیز ہیں،شاہین 24گھنٹے چوکنا ہیں ،کوئی ایڈونچر نہیں ہونے دیں گے، دہشتگردوں ،سہولت کاروں کےخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، حکومت ،مسلح افواج ملکی خودمختاری و سلامتی کے تحفظ کےلئے ہمہ وقت تیار ،پرعزم ہیں۔