لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے خیبرپختونخوا میں کچھ لوگ امن میں رکاوٹ ،پی ٹی آئی حکومت کا سربراہ جیل میں بیٹھ کر دہشتگردوں کو سپورٹ کرتا ہے اور تاثر ہے کالعدم تحریک طالبان پاکستان ، تحریک انصاف کا عسکری ونگ ہے،پاکستان کےلئے محب وطن لوگوں کی قربانیاں سب کے سامنے ہیں، پاک فوج نے دہشتگردی کےخلاف جنگ میں قربانیاں دیں، پاک فوج کی ملک کےلئے قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہاریاست نے فیصلہ کرلیا دہشتگردوں کو شکست دیں گے، دہشتگردوں کو ہرگز پاکستان میں رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ منشیات کے کاروبار میں ملوث ہیں، بانی پی ٹی آئی ہر فورم پر دہشتگردوں کے حامی رہے ،خیبرپختونخوا حکومت سمگلنگ، غیر قانونی تجارت، غیر دستاویزی معیشت کو فروغ دیتی ہے، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کا کاروبار، تیل کی سمگلنگ، اشیائے خورونوش، اجناس ،منشیات کی سمگلنگ شامل ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا آپ کو دکھائی دے گا پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت میں ٹمبر ، ڈرگ ، منشیات مافیا بھی بیٹھا ہے ،معاشی ریفارمز کے تحت گھیرا تنگ کیا جارہا ہے، دہشتگردی کو فروغ دینے کے پیچھے کالا دھن بھی ہے،خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت نے 12سال کے دوران سمگلنگ و غیر قانونی سرگرمیوں کے ذریعے مالی فائدہ اٹھایا۔
عطا تارڑنے کہا اب دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کرنا ہے، انتشار پسندوں کی خواہش ہے حالات کسی طرح خراب کیے جائیں ،تحریک انتشار سمجھتی ہے دہشتگردوں کا ساتھ دینے میں ہی عافیت ہے،جماعت نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دہشتگردوں کو لاکر بسایا ، پی ٹی آئی کو شہدا کی قربانیوں ،ملکی سالمیت سے کوئی غرض نہیں، جیل میں بیٹھے شخص کی خواہش ہے لاشوں پر سیاست کیسے چمکائی جائے، فیصلہ کیا گیا نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں کو شکست دیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہااے پی ایس کے بچوں نے اپنے خون سے قربانیوں کی داستان لکھی، خضدار میں بچے شہید کیے گئے، قربانیوں کو کس طرح بھول سکتے ہیں؟ ایک شخص کے 3 بچے شہید ہوئے اور وہ ہمت و حوصلہ سے کہہ رہا تھا میری جان بھی حاضر ہے پاکستان کےلئے،پاک فوج،سویلینز، دکانداروں، ڈاکٹرز، انجینئرز، بچوں اور معاشرے کا ہر طبقہ قربانیوں کی داستان میں روشن باب کی حیثیت رکھتا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا پوری قوم دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلئے متحد ہے، پاک فوج کے جوانوں ،بچوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے،پاک فوج نے دہشتگردی کو مات دی، فتنہ الخوارج کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں،علما کا خون بھی وطن کی آبیاری میں شامل ہے،آپریشن رد الفساد ،ضرب عضب کے نتیجے میں دہشتگردی کا خاتمہ ہوا، بازاروں کی رونقیں لوٹیں، کھیل کے میدان آباد ہوئے، پیپلز پارٹی نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔
دریں اثنا وزیر اطلاعات عطا تارڑ سے امریکی ناظم الامور نے ملاقات کی ،دوطرفہ تعلقات، ڈیجیٹل میڈیا شراکت داری، دہشت گردی کے خلاف تعاون اور سیاحت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی ناظم الامور نے کہا پاکستانی معیشت استحکام اور ترقی کی سمت بڑھ رہی ہے ،دہشتگردی کےخلاف پاکستان کے صف اول کے کردار کی تعریف کرتے ہیں۔
تارڑ نے کہا پاکستان کی دہشتگردی کےخلاف بے شمار قربانیاںدنیا کے امن کےلئے سنگ میل ثابت ہوئیں،پاکستان قدرتی حسن، ثقافتی تنوع اور تاریخی ورثے سے مالا مال ملک ہے ،سیاحت کے فروغ کےلئے ٹھوس اقدامات کر رہے ہےں تاکہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو۔
فیصل آباد،جڑانوالہ:(بیورورپورٹ،نمائندہ خصوصی)وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے جتنے مرضی وزرائے اعلیٰ بدلیں، دہشتگردی کےخلاف آپریشن نہیں رکے گا۔
جڑانوالہ میں نادرا دفتر کی افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہاپاکستان عالمی سطح پر کامیاب ،ڈنکا پوری دنیا میں بج رہا ہے،شہباز شریف نے تب نام لیا جب لوگ اسرائیل کا نام لینے سے ڈرتے تھے، غزہ میں جشن ہوا، فلسطینیوں کو آزاد ریاست نظر آ رہی ہے،کہتے ہیں حکومت اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر چلتی ہے، کیوں نہیں کہا جاتا اسٹیبلشمنٹ حکومت کو سپورٹ کرتی ہے۔
وزیر مملکت نے کہا ریاست نے فیصلہ کر لیا اب کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے، بندوق یا نعرے سے بلیک میل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،جنرل ،کرنل شہادتیں دے رہے ہیں دنیا میں ایسی مثال نہیں ملتی، چند سو لوگ سڑکوں پر نکل آئے اگر طاقت کا استعمال ہوا تو؟ ریاست کےخلاف ملک میں کہیں بھی سیاست کی اجازت نہیں ہو گی،ریاست کو طیش دلانے کی کوشش کی گئی،عوام کو کارکردگی پر ووٹ دینا چاہیے۔
TTPتحریک انصاف کا عسکری ونگ ، دہشتگردی کیخلاف آپریشن نہیں رکے گا، حکومت
















