ڈی آئی خان،پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ،6اہلکار،امام مسجد شہید،5دہشتگرد ہلاک

پشاور، ڈی آئی خان،اسلام آباد،کوہاٹ:(مانیٹرنگ ڈیسک،بیورورپورٹ)ڈی آئی خان میں پولیس ٹریننگ سکول پر بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملہ ،6 پولیس اہلکار ،امام مسجد شہید ،آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان پولیس ٹریننگ سکول میں 10 ،11 اکتوبر کی درمیانی شب حملہ کیا گیا، سکول کی بیرونی سکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی گئی،ڈیوٹی پر مامور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی سے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دئیے، دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی سکول کے مرکزی دروازے سے ٹکرائی،پولیس اہلکاروں نے 3 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا، 2دیگر دہشتگردوں کو عمارت میں گھیر کر سکیورٹی فورسز نے ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران انجام تک پہنچایا۔

ترجمان پاک فوج نے کہاشدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 بہادر پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، تربیت پانے والے جوان بھی شامل تھے، 12 اہلکار،ایک شہری زخمی بھی ہوگیا،حملے کے دوران دہشتگردوں نے سکول کمپلیکس کی مسجد پر بھی حملہ کیااور امام کو شہید کر دیا،بزدلانہ ،سفاکانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔

دریں اثنا صدر آصف زر داری، وزیراعظم شہبازشریف ،وزیر داخلہ محسن نقوی ودیگر نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا بزدلانہ کارروائیاں عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں،دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک قوم اور سکیورٹی فورسز متحد ہیں۔

دوسری جانب پشاور میںدہشتگردوں نے متنی پولیس سٹیشن کو نشانہ بنانے کی کوشش کی،بھرپور جوابی کارروائی میں2 خوارج ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے،حکام کے مطابق دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا،علاقے میں آپریشن شروع کر دیا۔

علاوہ ازیں کوہاٹ میں ہائی وے ٹول پلازہ کے قریب دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایف بی آر کے 2 اہلکارشہید ہوگئے، ایک معجزانہ طور پر محفوظ رہا،پولیس کے مطابق ایف بی آر اہلکار معمول کی ڈیوٹی پر تھے،سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کر لیا۔