اورکزئی ،19دہشتگرد جہنم واصل، لیفٹیننٹ کرنل، میجر سمیت 11 جوان شہید

راولپنڈی،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں آپریشن،بھارتی حمایت یافتہ19دہشتگرد جہنم واصل،لیفٹیننٹ کرنل، میجر سمیت 11 جوان وطن پر قربان ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن انٹیلی بنیاد پر کیا گیا،سکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، گروہ بھارتی پراکسی کے طور پر دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا، شدید فائرنگ کے تبادلے میںلیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت سمیت 11جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق فرنٹ سے ٹیم کی قیادت کر رہے تھے، شہید جوانوں میں نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عدیل حسین، نائیک گل امیر ،لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالش فراز، لانس نائیک ارشاد حسین، سپاہی طفیل خان، سپاہی عاقب علی اور سپاہی زاہد شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کرلیے،بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے،شہدا کی قربانیاں امن و استحکام کی ضمانت ہیں۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم ودیگر نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہانڈر سپوتوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے،ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ناسور کے مکمل خاتمے کےلئے پر عزم ہیں،لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب اور 9 جوانوں نے قیمتی جانیں نچھاور کر کے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، قوم ہمیشہ قربانیوں کی مقروض رہے گی۔