26ویں ترمیم کیخلاف درخواستوں پر سماعت براہ راست نشر کرنے کی اجازت


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے 26ویں ترمیم کےخلاف درخواستوں پر سماعت براہ راست نشر کرنے کی اجازت دےدی۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 8 رکنی آئینی بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی،آئینی بنچ نے26ویں آئینی ترمیم کیخلاف 36درخواستوں پرسماعت براہ راست دکھانے کی درخواستیں منظور کرلیں۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہمارا المیہ ہے ہم ہر چیز کا غلط استعمال کرتے ہیں،ہم نے لائیو سٹریمنگ سے لوگوں کو تعلیم دینا چاہی لیکن ہم لائیو سٹریمنگ سے ایکسپوز ہوگئے،وکیل خیبرپختونخوا حکومت نے فل کورٹ یا آئینی فل بنچ کی تشکیل کی استدعا کرتے ہوئے بنچ پراعتراض نہ ہونے کا موقف اپنایا،مصطفی نواز کھوکھر کے وکیل شاہد جمیل نے فل کورٹ کی تشکیل سے متعلق درخواست پراعتراضات دورکرنے کی استدعا کی،بنچ نے مشاورت کے بعد درخواست پرنمبرلگانے کی ہدایت کردی۔

جواد ایس خواجہ کے وکیل نے لائیو اسٹریمنگ کی درخواست کی استدعا کی،جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے اگربنچ پراعتراض لگتا ہے تودوسرا بنچ ان کو سنے گا، پھرلائیوسٹریمنگ کی درخواست سنیں گے،وکیل نے کہا چھبیسویں آئینی ترمیم رات کے اندھیرے میں منظورکی گئی تھی، جسٹس نعیم افغان نے ریمارکس دیئے آپ چاہتے ہیں دن کی روشنی میں سماعت کے علاوہ لائیو سٹریم بھی ہونی چاہیے،جسٹس عائشہ ملک نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان سے لائیو سٹریمنگ سے متعلق موقف پوچھا توعامررحمان نے کہا لائیو سٹریمنگ انتظامی سطح پرہوتا ہے،جسٹس علی مظہر نے کہا یعنی بنچ جوفیصلہ کرلے،اس پرراضی ہیں،آئینی بنچ نے لائیو سٹریمنگ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا جسے بعد میں سناتے ہوئے عدالت نے لائیو سٹریمنگ کی درخواستیں منظور کرلیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا 26ویں آئینی ترمیم اہم مقدمہ ہے،بانی کا حکم ہے ہم نے پیچھے نہیں ہٹنا،بابر اعوان کےساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہنے کہا بانی سے دوران سماعت گفتگوہوئی تھی،26ویں آئینی ترمیم نے عدالتی نظام کونقصان پہنچایا،26ویں آئینی ترمیم عدلیہ کےخلاف منصوبہ تھا،پہلے ہی کہا تھا ترمیم کے بعد عدلیہ ختم ہوجائےگی،ہم نے استدعا کی تھی26ویں ترمیم کےخلاف سماعت کولائیودکھایا جائے، آج ہماری لائیوسٹریمنگ کی درخواست منظورہوئی ہے، پی ٹی آئی جدوجہد جاری رکھے گی۔