اشتعال انگیز بیانات امن کیلئے خطرہ،بھارتی مہم جوئی کاجواب تباہ کن ہوگا،پاک فوج

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)پاک فوج نے بھارتی سکیورٹی اداروں کی اعلیٰ قیادت کے غیر حقیقی، اشتعال انگیز اور جنگی جنون پر مبنی بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کردیا۔

،آئی ایس پی آر کے مطابق غیر ذمہ دارانہ بیانات نشاندہی کرتے ہیں بھارت ایک بار پھر جارحیت کیلئے من گھڑت بہانے تراشنے کی کوشش کر رہا ہے، اشتعال انگیز بیانات جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں،بھارت پچھلی کئی دہائیوں سے پاکستان کو منفی انداز میں پیش اور الزامات لگا کر خود کو مظلوم ظاہر کرنے کا کارڈ کھیل رہا ہے حالانکہ خطے میں تشدد کو ہوا دے کر بھارت نے اصل میں خود ہی دہشتگردی کی سرپرستی کی ۔

ترجمان پاک فوج نے کہا بھارت نے رواں سال اپنی جارحیت کے نتیجے میں ایٹمی طاقتوں کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیامگر شاید اپنے تباہ شدہ لڑاکا طیاروں ،پاکستان کے دور تک مار کرنے کے ہتھیاروں کی تباہ کاریوں کو بھول گیا ، اجتماعی بھول کا شکار ہو کر بھارت اب نئے تصادم کی خواہش میں مبتلا دکھائی دیتا ہے،درحقیقت بھارت جنوبی ایشیا اور آگے تک تشدد کو ہوا،دہشتگردی کو فروغ دینے میں ملوث ہے،بھارت کا بیانیہ پوری طرح بے نقاب ہو چکا ،دنیا دیکھ چکی سرحد پار دہشتگردی کا حقیقی چہرہ بھارت کا ہی ہے، دنیا نے بھارت کو علاقائی عدم استحکام کا مرکز تسلیم کر لیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا بھارتی وزیر دفاع، فوجی سربراہوں کے انتہائی اشتعال انگیز بیانات واضح انتباہ دیتے ہیں مستقبل کا تنازع انتہائی تباہ کن،قیامت خیز نتائج لا سکتا ہے،جنگ کا نیا دور شروع ہوتا ہے تو پاکستان پیچھے نہیں رہے گا، پوری قوت ،پختہ عزم کےساتھ کسی قسم کی ہچکچاہٹ یا پابندی کے بغیر جواب دیں گے،کسی نئے نارمل کے قیام کی کوشش کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے پاکستان نے جواب کا نیا نارمل قائم کر دیا اور پاکستان کا نیا نارمل تیز، فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا جارحیت کے جواب میں پاکستان کے عوام اور افواج ہر کونے و کنارے تک لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اب جغرافیائی عدم حساسیت کے تصور کو چکنا چور کر دیں گے، بھارتی سرزمین کے دور دراز ترین حصوں تک کو نشانہ بنائیں گے جہاں تک پاکستان کو نقشے سے مٹانے کی بات ہے بھارت کو واضح طور پر معلوم ہونا چاہیے اگر ایسے حالات پیش آئے تو ایک طرف نہیں دونوں طرف کو نقصان ہوگا۔

دریں اثنا سکیورٹی ذرائع نے کہا بھارتی آرمی ،ایئرچیف کہتے ہیں پاکستان کو دنیا کے نقشے سے مٹادیں گے شاید گلاس میں نشہ ہوگا،میڈیا کو بریفنگ میں سکیورٹی ذرائع نے کہا بھارتی ایئر چیف کو 90 دن بعد پاکستان کے طیارے گرانے کا خیال آیا، بھارت کے مقابلے میں افواج پاکستان بالکل تقسیم نہیں ،بھارت میں فوج کو ہندوتوا بنایا جارہا ہے، آپ دیکھیں پاکستان نے کتنے جہاز گرائے ،سب کچھ کلیئر پیش کیا ،آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے ہیں ،ساری دنیا جانتی ہے، ہمیں کوئی ایشو نہیں ،صلاحیت و عزم سب بالکل سامنے ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے کہا بھارت جو مرضی تیاری کرلے اپنی تیاری کر رہے ہیں، ابھی 750 کلومیٹر تک مار کرنے والے فتح 4 میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے مفاد میںنوبل انعام کیلئے نامزد کیا کیونکہ ٹرمپ نے بھارت کےساتھ جنگ روکی، ٹرمپ ہمیشہ پاکستان کا نام لیتے ہیں ،طیارے بھی گرائے سب کچھ کیا۔