اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیرا عظم شہباز شریف نے 20 نکاتی امن منصوبے پر حماس کے مثبت جواب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے غزہ میں جنگ بندی کے قریب ہیں،فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کےساتھ کھڑا رہا ہے اور کھڑا رہے گا،امریکی صدر ٹرمپ ،برادر ممالک کے شکر گزار ہیں، مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، اردن، مصر اور انڈونیشیا کے کردار کو سراہتے ہیں،حماس کے بیان سے جنگ بندی کی نئی راہ ہموار ہوئی ،فلسطینی عوام پر ہونےوالے نسل کشی کے آغاز کے بعد سے اب جنگ بندی کے سب سے قریب ہیں،امن کے قیام کاموقع کسی صورت ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے،پاکستان اپنے تمام شراکت داروں اور برادر ممالک کےساتھ ملکر فلسطین میں دائمی امن کیلئے کام کرتا رہے گا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا حماس کا ردعمل خوش آئند قدم ہے، فوری نتیجہ جنگ بندی، فلسطینیوں کی تکالیف کا خاتمہ، یرغمالیوں کی رہائی اور انسانی امداد کی بحالی کی صورت میں نکلنا چاہیے،اسرائیل کو فوری طور پر حملے بند کرنا ہوں گے،اسحاق ڈار نے کہافلسطین کیلئے غیر متزلزل حمایت اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر خودمختار، قابل عمل فلسطینی ریاست کے قیام کا اعادہ کرتے ہیں جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا موقع غزہ میں یرغمالیوں و فلسطینی قیدیوں کی رہائی کےلئے اہم ، غزہ میں امداد کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنانا ضروری ہے،صدر ٹرمپ کی امن کوششوں کو سراہتے ہیں، اسرائیل کو فوری طور پر حملے بند کرنے چاہئیں، امید ہے کوششیں دیرپا جنگ بندی ومستقل امن کی راہ ہموار کریں گی۔
اپنے بیان میں دفتر خارجہ نے مزید کہا پاکستان تعمیری و بامعنی کردار ادا کرتا رہے گا،فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت اور خود مختارفلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتے ہےں، فلسطینی ریاست کی بنیاد 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر ہونی چاہیے۔
علاوہ ازیں اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،غزہ میں منصفانہ و دیرپا امن کے حصول میں مدد کےلئے اپنی کوششوں میں مصروف و مربوط رہنے پر بھی اتفاق کیاگیا،اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ کو مستقبل قریب میں پاکستان کے دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔
نائب وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ کے تعمیری کردار کو سراہا،پاک سعودی قیادت نے فوری جنگ بندی کےلئے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا اور غزہ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر اتفاق ،فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ۔
غزہ میں جنگ بندی قریب، فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے:شہباز
















