اسلام آباد: (بیورورپورٹ) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے غزہ امن منصوبے کیلئے ٹرمپ کے20 نکات ہمارے نہیں، ڈرافٹ میں تبدیلی کی گئی ، اسرائیل سے کوئی روابط ہیں نہ سفارتی تعلقات،فلسطین پرقائد اعظم کی پالیسی پر ہی عمل پیرا ہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہاشہباز شریف نے جنرل اسمبلی اجلاس میں قوم کی بھرپور نمائندگی کی، کشمیر کےساتھ فلسطین کا مسئلہ اٹھایا، عالمی معاملات پر گفتگو ،موسمیاتی تبدیلی کا مسئلہ اٹھایا، اسرائیل کا نام لےکر مذمت کی گئی،غزہ میں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، اقوام متحدہ، یورپی یونین،عرب ممالک اور دوسرے عالمی ادارے امن قائم کرنے میں ناکام ہوچکے، کوشش تھی کچھ ممالک کےساتھ ملکر امریکہ جو آخری امید تھی کوشامل کرکے معصوم جانوں کی روز ہونے والی خونریزی، بھوک سے اموات ،بے دخلی و مغربی کنارے کو ہڑپ کرنے کے منصوبے کو روکا جائے۔
نائب وزیراعظم نے کہا میں نے اقوام متحدہ تقریر میں کہا غزہ انسانوں کےساتھ عالمی ضمیر کا قبرستان بھی بن چکا،منصوبہ تھا کچھ ممالک ملکر امریکی صدر سے رابطہ کریں،5 عرب ممالک، پاکستان، ترکیہ ،انڈونیشیا کے صدور اور وزرائے اعظم نے وزرائے خارجہ کے ساتھ امریکی صدر سے ملاقات کی،اسلامی ممالک کی طرف سے ترمیم شدہ 20 نکاتی پلان دیا لیکن فائنل ڈرافٹ میں تبدیلیاں کی گئیں،تبدیلیاں قبول نہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا20 نکاتی پلان پر دفتر خارجہ کی بریفنگ میں وضاحت دے چکے ،8 مسلم ممالک تیار کیے گئے ڈرافٹ پر فوکس رکھیں گے،وزیراعظم شہباز شریف کو غزہ امن منصوبے کے غیر متفقہ نکات کا علم ڈرافٹ دیکھنے پر ہوا،غزہ میں مکمل جنگ بندی ضروری ہے،تعمیر نو کی جائے، ذاتی مسئلہ نہیں ،اسلامی ممالک کی ذمہ داری ہے، مسئلہ فلسطین پر سیاست کی گنجائش نہیں،کوئی راستہ نکالنے کی کوشش کی تو خیر مقدم کرنا چاہیے،اسرائیل سے کوئی روابط ہیں نہ سفارتی تعلقات ، اسرائیل نے 22 کشتیاں قبضے میں لےکر لوگوں کو تحویل میں لیا، فلوٹیلا میں شامل کچھ پاکستانی بھی گرفتار ہوئے،پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کیلئے کوشاں ہیں،سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت تمام پاکستانیوں کی رہائی کےلئے بااثر یورپی ملک سے رابطے میں ہیں۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا سعودی عرب سے دفاعی معاہدہ اچانک نہیں ہوا،طویل عرصے سے بات چیت چل رہی تھی،حرمین شریفین کے محافظوں میں شامل ہونا خوش قسمتی ہے،کئی اسلامی ممالک نے بھی پاکستان سے دفاعی معاہدوں کی خواہش ظاہر کردی ،نیٹو طرز کانیا اتحاد بن جائے گا،ایٹمی و میزائل پاور ہیں اب معاشی طاقت بننا ہے، ایک دن پاکستان تمام اسلامی ممالک کی قیادت کرے گا۔
غزہ منصوبہ ،ٹرمپ نکات ہمارے نہیں،فلسطین پرقائد اعظم کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں:اسحاق ڈار
















