فوج عالم اسلام کے مسائل پر نظر رکھے ہوئے ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر

لاہور،کاہنہ :(خبر نگار،نامہ نگار)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے جامعہ عرو ة الوثقی لاہور کا دورہ کیا ،علامہ سید جواد نقوی اور طلبہ سے ملاقات کی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا پاک فوج اندرونی امن کےساتھ عالم اسلام کے مسائل پر نظر رکھے ہوئے ہے، پاکستان کا مستقبل نوجوان ہیں اور ملکی ترقی و استحکام کےلئے کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے،پاک فوج نے ہر دور میں ملکی دفاع کی ذمہ داری نبھائی، آپریشن بنیان مرصوص نے پاکستان کی ساکھ کو مضبوط کیا اور عالمی سطح پر ملک کا وقار بڑھایا۔

جامعہ عروة الوثقی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا طلبہ کو قومی ذمہ داریوں کا شعور دینا وقت کی ضرورت ہے تاکہ نئی نسل قومی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکے،طلبہ نے مختلف مسائل پر سوالات کیے ،ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاک فوج ملک کے اندرونی امن کےساتھ عالم اسلام کے مسائل پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے ،قومی یکجہتی کےلئے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کررہے ہیں،طلبہ نے فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا نشست نے شکوک و شبہات دور کیے ، منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں،پوری قوم اپنی افواج کےساتھ کھڑی ہے۔

قبل ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری پنجاب یونیورسٹی گئے،طلبہ ،انتظامیہ نے پرتپاک استقبال کیا،طلبہ کےساتھ خصوصی نشست ہوئی ،سوالات کے جوابات دئیے،طلبہ نے مادر وطن کے دفاع میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا بھر پور عزم کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے وائس چانسلر ،فیکلٹی ممبران سے بھی ملاقات کی،طلبہ ،فیکلٹی ممبران نے بھارت کو شکست دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا،شرکا نے کہا وطن عزیز کے دفاع کےلئے اساتذہ ، طلبہ ہمہ وقت پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، نوجوانوں میں غلط فہمیوں کے تدارک کےلئے سیشن ضروری ہیں۔