راولپنڈی:(بیورورپورٹ)ترجمان پاک فوج نے واضح کیا ہے بھارتی فوجی افسر اور افغان باشندے دہشتگردی میں ملوث ،مستند شواہد موجود ہیں،پاکستان میں کسی بھی مسلح جتھوں کیلئے کوئی جگہ نہیں،دہشتگردی کےخلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کیا اور بے پناہ قربانیاں دیں۔
جرمن جریدے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہاغیر قانونی مقیم افغان باشندے دہشتگردی و سنگین جرائم میں ملوث ہیں، بھارتی فوجی افسروں کے ملوث ہونے کے ثبوت بھی پیش کیے،40 سال تک لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی، باعزت واپسی کیلئے بہت منظم طریقے سے اقدامات کئے گئے ،انسانی بنیادوں پر افغان مہاجرین کے انخلا کی ڈیڈ لائن میں متعدد بارتوسیع کی گئی، مہاجرین کو پناہ کی بنیادی وجوہات غیر ملکی مداخلت اور خانہ جنگی اب موجود نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا امریکہ نے کالعدم مجید بریگیڈ کو عالمی دہشتگرد تنظیم قراردیا، بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے متعدد ہلاک دہشتگرد نام نہاد مسنگ پرسنز کی فہرست میں بھی شامل تھے،بھارت میں پرتشدد واقعات مودی حکومت کی بڑھتی انتہا پسند پالیسیوں کا نتیجہ ہیں، بھارت اپنے اندرونی مسائل کو بیرونی ،بیرونی مسائل کو اندرونی مسئلہ بنا کر پیش کرتا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے واضح الفاظ میں کہا بھارت ریاستی سرپرستی میں دہشتگردکارروائیوں میں ملوث ہے، بھارتی فوج کے حاضر سروس افسروں کے ملوث ہونے کے مستند شواہد منظر عام پرآ چکے ،ثبوت اقوام عالم کے سامنے متعدد مرتبہ پیش کیے،عالمی برادری کومسئلہ کشمیر کے حل کےلئے کردار ادا کرنا چاہئے، بھارتی ریاستی ادارے بشمول آرمی شدت پسند سیاسی نظریات کے زیراثر ہیں، پاکستان کی ریاست تمام غیر ریاستی عناصر کو بلا تفریق مسترد کرتی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ملک میں کسی بھی جیش یا مسلح جتھوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ، ریاست کے علاوہ کوئی گروہ یا شخص جہاد کا اعلان کرنے کا اختیار نہیں رکھتا، پاکستان نے دہشتگردی کےخلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردارادا کیا،بے پناہ قربانیاں دیں، امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی ہتھیار دہشتگردی میں استعمال ہو رہے ہیں، امریکہ بھی اسلحہ کے دہشتگردکارروائیوں میں استعمال پرتشویش کا اظہار کر چکا ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا پاک بھارت کشیدگی و معرکہ حق کے دوران امریکی صدر ٹرمپ کا قائدانہ کردار سٹریٹجک لیڈر کے طور پر سامنے آیا، پاکستان کے برادر ملک چین کےساتھ بھی تعمیری و سٹریٹجک تعلقات ہیں۔
دہشتگردی میں بھارتی فوجی افسر،افغان شہری ملوث ہیں،ترجمان پاک فوج
















