اسلام آباد :(بیورورپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5ججز نے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے مختلف اقدامات و اختیارات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔
ججز کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 184/3 کے تحت دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا جج کو کام سے روکنے کی درخواست ہائیکورٹ میں قابل سماعت نہیں، کسی جج کو صرف آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت ہی کام سے روکا جا سکتا ہے،آرٹیکل 202 کے تحت بنے رولز کے مطابق ہی چیف جسٹس بنچ تشکیل دے سکتے ہیں،ججز کے عدالتی اختیارات ختم نہیں کیے جاسکتے، ماسٹر آف روسٹر کا نظریہ سپریم کورٹ پہلے ہی کالعدم قرار دے چکی ۔
درخواست میںججز نے کہاانتظامی کمیٹیوں کے 3 فروری ،15 جولائی کے نوٹیفکیشن ،اقدامات کالعدم ،ہائیکورٹ کے حالیہ رولز غیر قانونی قرار دئیے جائیں،ہائیکورٹ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت اپنے آپ کورٹ جاری نہیں کر سکتی،5ججز نے اپنے خلاف فیصلے کےخلاف انفرادی طور پر اپیلیں بھی سپریم کورٹ میں دائر کیں۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری سائلین کے گیٹ سے کارڈ لےکر سپریم کورٹ پہنچے، جسٹس بابر ستار، جسٹس ثمن رفعت، جسٹس سردار اعجاز اسحاق ،جسٹس محسن اختر کیانی بھی عدالت عظمیٰ میں موجود رہے، ججز نے اپیلیں دائر کرنے کےلئے بائیو میٹرک کرایا،جسٹس محسن اختر کیانی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا حالیہ رولز کے مطابق ایک ہی درخواست میں تمام ججز فریق نہیں بن سکتے اسی لیے الگ الگ اپیلیں دائر کی گئیں۔
علاوہ ازیں مبینہ جعلی ڈگری کیس میں جسٹس طار ق محمود جہانگیر ی نے اسلام ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کر دیا،درخواست میں موقف اپنایا بیٹھے ہوئے جج کو فرائض کی انجام دہی سے نہیں روکا جا سکتا، متنازع حکم نے درخواست گزار کے آرٹیکل 10اے کے حقوق کی خلاف ورزی کی، عدلیہ کی آزادی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں،متنازع حکم نے جج کی بے داغ شہرت کو متاثر کیا، عدالتی خدمات کے ضائع ہونے والے وقت کی تلافی ممکن نہیں اگر حکم معطل نہ ہوا تو ناقابل تلافی نقصان ہوگا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے متنازع حکم نامے کو معطل کیا جائے،ذرائع کے مطابق جسٹس طارق محمود جہانگیری کااپنا کیس خود لڑنے کا امکان ہے،اپیل کو 23409 کا ڈائری نمبر الاٹ کردیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے چیف جسٹس کے اقدامات چیلنج کر دئیے
















