بھارتی فوجی اور غیر قانونی افغان باشندے دہشت گردی میں ملوث ہیں: ترجمان پاک فوج

راولپنڈی (مشرق نیوز) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ مستند شواہد موجود ہیں کہ غیر قانونی مقیم افغان باشندے دہشت گردی اور سنگین جرائم میں ملوث ہیں، بھارتی فوجی افسران کے ملوث ہونے کے ثبوت بھی پیش کئے۔

جرمن جریدے کو خصوصی انٹرویو میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا کہ پاکستان نے 40 سال تک لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی، افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کیلئے بہت منظم طریقے سے اقدامات کئے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انسانی بنیادوں پر افغان مہاجرین کے انخلا کی ڈیڈ لائن میں متعدد بارتوسیع کی ہے، افغان مہاجرین کو پناہ کی بنیادی وجوہات غیر ملکی مداخلت اور خانہ جنگی تھی وہ وجوہات اب موجود نہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ امریکہ نے کالعدم مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گرد تنظیم قراردیا، بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے متعدد ہلاک دہشت گرد نام نہاد مسنگ پرسنز کی فہرست میں بھی شامل تھے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بھارت میں پرتشدد واقعات بھارتی حکومت کی بڑھتی انتہاپسند پالیسیوں کا نتیجہ ہیں، بھارت اپنے اندرونی مسائل کو بیرونی جبکہ بیرونی مسائل کو اندرونی مسئلہ بنا کر پیش کرتا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے واضح الفاظ میں کہا کہ بھارت ریاستی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے، بھارتی فوج کے حاضر سروس افسران کے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کے مستند شواہد منظر عام پرآ چکے ہیں، پاکستان بھارتی دہشت گردی کے ثبوت اقوام عالم کے سامنے متعدد مرتبہ پیش کر چکا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عالمی برادری کواپنا کردار ادا کرنا چاہئے، بھارتی ریاستی ادارے بشمول آرمی شدت پسند سیاسی نظریات کے زیراثر ہیں، پاکستان کی ریاست تمام غیر ریاستی عناصر کو بلا تفریق مسترد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی جیش یا مسلح جتھوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے، ریاست کے علاوہ کوئی گروہ یا شخص جہاد کا اعلان کرنے کا اختیار نہیں رکھتا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردارادا کیا۔ انٹرویو میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی ہتھیار دہشت گردی میں استعمال ہو رہے ہیں، امریکہ بھی اس اسلحہ کے دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال پرتشویش کا اظہار کر چکا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی اور معرکہ حق کے دوران امریکی صدر ٹرمپ کا قائدانہ کردار سٹرٹیجک لیڈر کے طور پر سامنے آیا، پاکستان کے برادر ملک چین کے ساتھ بھی تعمیری اور سٹرٹیجک تعلقات ہیں۔