جسٹس بابر ستار کا فیصلہ معطل،چیئرمین پی ٹی اے عہدے پر بحال


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جسٹس بابر ستار کا فیصلہ معطل، اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی اے کو عہدے پر بحال کردیا۔

جسٹس آصف ،انعام امین منہاس پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے چیئرمین پی ٹی اے کو عہدے سے ہٹانے کے فیصلے کےخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی،چیئرمین پی ٹی اے کے وکیل سلمان منصور نے دلائل دیتے ہوئے کہا درخواست میں جو استدعا نہیں کی گئی وہ ریلیف بھی دےدیا گیا، چیئرمین پی ٹی اے کو ہٹانے سے قبل رولز کو چیلنج کیا گیا نہ ہی اٹارنی جنرل کو نوٹس ہوا، اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرنا ضروری تھا،وکیل سلمان منصور نے کہاپٹیشن میں جو استدعا نہ کی گئی ہو اس کو آرٹیکل 199 میں نہیں دیکھا جا سکتا، کورٹ نے خود لکھا ساری بحث ابھی مکمل نہیں ہوئی،جسٹس آصف نے مکالمہ کیا آپ کو تو کافی موقع دیا گیا تھا۔

وکیل نے کہا اعتراضات پر مشتمل 2درخواستیں بھی دائر ہوئیں،دیکھے بغیر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا، درخواست کے قابل سماعت ہونے کے اعتراضات پر تو دلائل ہونے باقی تھے، وکلا چھٹی پر تھے تو سماعت مکمل کہہ کر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا،ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ ایڈووکیٹ نے دلائل میں کہا پورے پاکستان سے 64 افراد میں مقابلہ تھا، 24 امیدواروں نے کوالیفائی کیا، اہلیت کے معیار پر سختی سے عمل کیا گیا، کوئی امیدوار عدالت نہیں آیا، آسامی مشتہر ہونے سے پہلے وفاقی کابینہ کی منظوری سے رولز میں تبدیلی کی گئی،بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمان کو عہدے پر بحال کر دیا۔